بیجنگ : تبت کے آسمان پر قدرت کے انوکھے شاہکار میں ‘جیلی فش’ جیسی سرخ دھاریاں نمودار ہونے کا شاندار منظر دیکھ کر دنیا دنگ رہ گئی۔تفصیلات کے مطابق تبت کے آسمان پر روشن سرخ دھاریاں اور سمندری مخلوق ‘جیلی فش’ جیسی انوکھی اشکال قدرتی طور پر نمودار ہوئی ہیں، جسے دیکھ کر دنیا دنگ رہ گئی۔ایک چینی ایسٹروفوٹوگرافر نے 26 مئی کو اس شاندار اور نایاب فلکی منظر کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔چینی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ آسمان پر نظر آنے والا یہ حیرت انگیز منظر فضا میں شدید برقی سرگرمی (بجلی چمکنے) کے باعث پیدا ہوتا ہے۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین سے کافی اوپر فضا میں جب برقی لہریں نائٹروجن کے مالیکیولز کو متحرک کرتی ہیں، تو اس کے ردِعمل میں چند سیکنڈ کے لیے یہ تیز سرخ چمک پیدا ہوتی ہے۔یہ نایاب قدرتی مظہر محض چند لمحوں کے لیے آسمان کو روشن کرتا ہے اور پلک جھپکتے ہی غائب ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کے خوبصورت ترین، منفرد ترین لیکن بہت ہی کم دیکھے جانے والے قدرتی برقی مظاہر میں شمار کیا جاتا ہے۔سوشل میڈیا پر فلکیات کے شوقین افراد ان تصاویر کو قدرت کا ایک سحر انگیز شاہکار قرار دے رہے ہیں۔