ملک کے سب سے مشہور مذہبی مقامات میں شامل تروپتی بالاجی مندر کے لڈو پرسادم میں استعمال ہوئے گھی کے حوالے سے پیدا تنازع کی جانچ اب راجستھان کے بیکانیر تک پہنچ گئی ہے۔ مبینہ ملاوٹی گھی اور مشتبہ سپلائی چین کی جانچ میں مصروف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی خصوصی ٹیم بدھ کے روز بیکانیر پہنچی اور ایک ادارے پر دستاویزات اور مالی لین دین کی گہرائی سے جانچ شروع کر دی۔تروپتی مندر تنازعہ: ایودھیا، پریاگراج اور متھرا کے مندروں میں بیرونی پرساد پر پابندی کی تجویزحیدر آباد سے آئی ای ڈی ٹیم کاروباری ریکارڈ، بینکنگ ٹرانزیکشن اور سپلائی نیٹورک کی کڑیوں کی جانچ کر رہی ہے۔ جانچ کے سلسلے میں پورے علاقے میں دن بھر ہلچل رہی اور بڑی تعداد میں لوگ موقع واردات کے آس پاس جمع رہے۔ ذرائع کے مطابق جانچ کا مرکز وہ مبینہ کاروبار ہے جس میں تقریباً 300 روپئے فی کلو قیمت والی ’شویتا گھی‘ تروپتی تک پہنچتے پہنچتے 1200 روپئے فی کلو قیمت میں فروخت کی گئی۔ایجنسیاں یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ آخر اس گھی کی سپلائی کس نیٹورک کے ذریعہ ہوئی اور مندر کے پرسادم کے لیے سپلائی کا راستہ کس نے تیار کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک ہی خاندان کے 3 بھائیوں سے متعلق اس ’شویتا گھی‘ کاروبار میں ایک ملزم فرار ہے جبکہ دوسرا پہلے سے جانچ ایجنسیوں کی حراست میں ہے۔ تیسرے بھائی کی کاروباری سرگرمیاں بھی جانچ کے دائرے میں ہیں۔ ای ڈی اب مالی لین دین اور منافع کی پوری چین کی جانچ کر رہی ہے۔کرناٹک: چکّا تروپتی مندر کا پرساد کھا کر 50 سے زائد عقیدتمند ہوئے بیمار، 30 افراد کا اسپتال میں علاج جاریاس سے پہلے معاملے کی جانچ کر رہی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے بھی بیکانیر میں کارروائی کرتے ہوئے کوئلہ گلی واقع ایک فرم سے گھی کے نمونے حاصل کئے تھے۔ جانچ ایجنسیوں کو شک ہے کہ تروپتی بھیجے گئے کچھ کنسائنمنٹ کا تعلق بیکانیر سے ہو رہی سپلائی سے ہو سکتا ہے۔ حالانکہ ای ڈی نے ابھی تک سرکاری طور سے جانچ کے دائرے یا کارروائی کی وجوہات کا انکشاف نہیں کیا ہے لیکن جس طرح مالی ریکارڈ اور کاروباری دستاویزات کی جانچ کی جا رہی ہے، اس سے صاف ہے کہ معاملہ اب صرف گھی کے معیار تک محدود نہیں رہ گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ عقیدت سے وابستہ پرساد کی سپلائی میں آخر کس سطح پر کھیل ہوا اور کروڑوں روپئے کے اس مبینہ نیٹورک میں کون کون شامل ہیں۔ اب سبھی کی نظریں ای ڈی کی جانچ رپورٹ پر مرکوز ہیں جو اس پورے معاملے کے کئی بڑے راز کھول سکتی ہے۔