لندن : برطانیہ میں سمندر کے کنارے خوفناک واقعہ پیش آیا ہے، دلدلی ریت میں دھنسے شخص کو بمشکل موت کے منہ سے نکال لیا گیا، ریسکیو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔برطانوی ادارے آر این ایل آئی کی جانب سے جاری کی گئی سنسنی خیز فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شمالی ویلز کے علاقے رائل بیچ پر ایک شخص دلدلی ریت میں کمر تک دھنس گیا جبکہ سمندر کی لہریں تیزی سے اس کے سینے تک پہنچ رہی تھیں اور ہر لہر کی آّمد پر وہ ریت میں مزید دھنستا جارہا تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ شخص گھبراہٹ میں مسلسل چیخ رہا تھا کہ میں دھنس رہا ہوں جبکہ شام ڈھلتے ہی امدادی ٹیم کو ہنگامی کال موصول ہوئی، امدادی کشتی موقع پر پہنچی تو متاثرہ شخص تنہا اور انتہائی خطرناک صورتحال میں آدھے سے زیادہ پھنسا ہوا تھا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک رضاکار اہلکار جان خطرے میں ڈال کر متاثرہ شخص کے پیچھے پانی میں اترا اور اسے پیچھے کی جانب جھکنے کی ہدایت دی۔ لائف جیکٹ پہنانے کے بعد بڑی مشکل سے اس کی ایک ٹانگ دلدلی ریت سے نکالی گئی، جس کے بعد اسے بحفاظت کشتی میں منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو آپریشن کی قیادت کرنے والے ڈوگی لانزڈیل نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں حالات چند لمحوں میں خطرناک رخ اختیار کر سکتے ہیں جبکہ دلدلی ریت اور بلند ہوتی لہریں خاموش قاتل ثابت ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص نے بروقت 999 پر کال کرکے درست اقدام کیا، جس سے اس کی جان بچ گئی۔دوسری جانب برطانیہ میں حالیہ ہیٹ ویو کے دوران کھلے پانی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے، جس نے حکام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔تازہ واقعے میں 16 سالہ لڑکی لیلیانا ٹاملنسن کی لاش تقریباً ایک گھنٹے کی تلاش کے بعد دریائے ٹیم سے برآمد کی گئی، اسی دوران 15 سالہ لڑکا ڈیکلن ساویر لنکن کے جھیل نما علاقے میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا جبکہ ویلز، ویسٹ یارکشائر، کارن وال اور ساؤتھ یارکشائر میں بھی مختلف حادثات کے دوران کئی افراد جان کی بازی ہار گئے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدت میں لوگ ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے جھیلوں، دریاؤں اور ساحلوں کا رخ کرتے ہیں، لیکن غیر محفوظ مقامات پر پانی میں جانا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔