مسقط (13 اکتوبر 2026): فلپائن نے عمانی شہریوں کے لیے الیکٹرانک ویزا (ای ویزا) کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب فلپائن جانے کے خواہش مند عمانی شہری سفر سے قبل گھر بیٹھے آن لائن ویزا درخواست جمع کراسکتے ہیں۔عمان کی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ فلپائن کا نیا ای ویزا نظام 5 اکتوبر 2026سے نافذ العمل ہوگیا ہے، عمانی شہری فلپائن کا ای ویزا حاصل کرنے کے لیے حکومت کے آن لائن پورٹل evisa.gov.ph پر درخواست دے سکتے ہیں۔نئے نظام کے تحت منظور شدہ ای ویزا رکھنے والے مسافر فلپائن پہنچنے پر اپنی ویزا اجازت ڈیجیٹل یا پرنٹ شدہ شکل میں پیش کرسکتے ہیں۔ ای ویزا کی منظوری کے بعد اسے پاسپورٹ پر روایتی ویزا اسٹیکر کی صورت میں چسپاں نہیں کیا جائے گا۔عمانی وزارت خارجہ کے مطابق ای ویزا بعض موجودہ ویزا طریقہ کار کے ساتھ بھی قابل قبول ہوگا۔یہ مشین ریڈ ایبل ویزا (ایم آر وی) اسٹیکر کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے جو کیٹیگری 9(اے) کے عارضی وزٹ ویزا اور دیگر متعلقہ ویزا کلاسز کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔تاہم نئے نظام کے تحت ای ویزا حاصل کرنے والے مسافروں کے لیے کچھ پابندیاں بھی مقرر کی گئی ہیں۔ ای ویزا کو فلپائن کے کسی دوسرے قسم کے ویزا میں تبدیل نہیں کیا جاسکے گا جبکہ ویزا کے تحت دی جانے والی قیام کی مدت میں بھی توسیع نہیں کی جاسکے گی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے عمانی شہریوں کو فلپائن روانگی سے قبل سفری دستاویزات اور دیگر لازمی تقاضے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔فلپائن جانے والے مسافر کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا چاہیے جس کی میعاد فلپائن میں داخلے کی تاریخ سے کم از کم چھ ماہ بعد تک برقرار ہو۔اس کے علاوہ مسافروں کے لیے قیام کی پوری مدت کا جامع ہیلتھ انشورنس رکھنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔نئے آن لائن نظام کے نتیجے میں عمانی شہریوں کے لیے فلپائن کے ویزا حصول کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ سہل ہوگیا ہے، تاہم مسافروں کو سفر سے قبل ویزا شرائط، پاسپورٹ کی میعاد اور انشورنس سمیت تمام تقاضوں کی تکمیل یقینی بنانا ہوگی۔عمان میں غیر ملکی کارکنوں کیلئے بڑی خوشخبری