دہلی (14 اکتوبر 2026): سوشل میڈیا سے جنم لے کر مودی سرکار کو آنکھیں دکھانے والی کاکروچ پارٹی کے بعد اب بھارتی میں مَکھی جنتا پارٹی سامنے آ گئی ہے۔دنیا بھر میں ہلچل مچانے والی جین زی اب بھارت میں مودی سرکار کے ہاتھ پاؤں پھلا رہی ہے۔ چند ماہ قبل سوشل میڈیا پر جنم لینے والی کاکروچ جنتا پارٹی نے مودی سرکار کو آنکھیں دکھانا شروع کیں اور حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔اب ایک اور نئی طنزیہ پارٹی تیار ہو گئی ہے، جس کا نام ہے ’’مَکھی جنتا پارٹی‘‘ اور یہ بھی کاکروچ کی طرح سوشل میڈیا سے ابھر رہی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ’’مَکھی جنتا پارٹی‘‘ کے نام سے نیا اکاؤنٹ بنایا گیا ہے، جس میں مکھی کے ایموجی کے ذریعے جمہوریت کے تحفظ، کاروبار کے فروغ اور معاشی ترقی کا مثبت پیغام دیا گیا ہے۔مَکھی جنتا پارٹی کا جنم بھی کاکروچ پارٹی کی طرح بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طنزیہ ریمارکس سے ہوا ہے۔گزشتہ روز کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج اور نئی دہلی میں مظاہروں پر عائد پابندیوں سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مبینہ طور پر مرکزی حکومت اور دہلی پولیس کو مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ’مکھی مارنے کے لیے ہتھوڑا استعمال کرنے‘ جیسا طریقہ اختیار کرنے سے گریز کا مشورہ دیا تھا۔اس کے اگلے روز ہی سوشل میڈیا پر مَکھی جنتا پارٹی کے نام سے اکاؤنٹ سامنے آیا ہے۔ جہاں اسے ’نوجوانوں کا، نوجوانوں کے ذریعے اور نوجوانوں کے لیے‘ سیاسی محاذ قرار دیا گیا ہے۔مَکھی جنتا پارٹی نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اسی تناظر میں سوال اٹھایا کہ کیا جمہوریت میں شہریوں کو ایک دن ’کاکروچ‘ اور اگلے دن ’مکھیاں‘ قرار دیا جانا چاہیے؟انسٹاگرام پر مَکھی جنتا پارٹی کے فالوورز کی تعداد صرف ایک دن میں اب تک ایک لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔