عمرہ زائرین کے لیے بڑی سہولت متعارف

Wait 5 sec.

ریاض (18 اکتوبر 2026): سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو خوشخبری سنا کر کر ان کا بڑا مسئلہ حل کردیا، مکہ اور مدینہ میں رش سے متعلق تازہ معلومات اب ان کے فون پر دستیاب ہوں گی۔سعودی عرب نے عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے نئی ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرادی ہیں، جن کی مدد سے مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ﷺ مدینہ منورہ میں رش کی صورتحال حقیقی وقت میں دیکھی جاسکے گی۔طواف اور سعی کے لیے کون سا وقت بہتر؟نئی ڈیجیٹل سروس کے ذریعے زائرین مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے گرد طواف کے مقام اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کے راستے پر موجود رش کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ ہوسکیں گے۔اس سہولت کی مدد سے زائرین عبادات کے لیے مسجد پہنچنے سے پہلے رش کی شدت کا اندازہ لگا کر نسبتاً کم ہجوم والا وقت منتخب کرسکیں گے۔اس نظام میں دونوں مقدس مساجد کے لیے ایک انٹرایکٹو ڈیجیٹل نقشہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے زائرین مختلف مقامات، سہولیات اور اہم مقامات کی نشاندہی کے ساتھ اپنے لیے موزوں راستہ تلاش کرسکیں گے۔ڈیجیٹل نقشے میں تقریباً 950 اہم مقامات اور نمایاں نشانیاں شامل کی گئی ہیں۔ مسجد الحرام کے نقشے میں خانہ کعبہ، مقام ابراہیم، صفا اور مروہ سمیت دیگر اہم مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں روضہ شریف، حجرۂ مبارک، محرابوں اور منبر نبوی سمیت نمایاں مقامات کو نقشے میں شامل کیا گیا ہے۔نئی سہولت کے ذریعے زائرین کے لیے ایک لاکھ سے زائد ممکنہ راستے بھی دستیاب ہوں گے، جنہیں 17 سے زیادہ مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس سے زائرین اپنی ضرورت کے مطابق مختلف سہولیات اور خدمات تک پہنچنے کے لیے مناسب راستہ تلاش کرسکیں گے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 650 سے زیادہ کیو آر کوڈز بھی فراہم کیے گئے ہیں، جنہیں اسکین کرکے زائرین متعلقہ مقامات، سہولیات اور دستیاب خدمات کے بارے میں فوری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔یہ انٹرایکٹو نقشہ دونوں مقدس مساجد میں نصب چھ سے زیادہ ڈیجیٹل ڈسپلے اسکرینز سے بھی منسلک ہے، جس کے ذریعے زائرین موقع پر ہی مختلف مقامات اور وہاں تک پہنچنے کے راستے دیکھ سکتے ہیں۔نظام میں خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ معذور افراد کے لیے قابل رسائی مقامات اور موزوں راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ انہیں مقدس مساجد میں آمدورفت کے دوران زیادہ سہولت حاصل ہوسکے۔سعودی حکام کے مطابق ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر مبنی یہ اقدام عمرہ زائرین اور نمازیوں کے تجربے کو بہتر بنانے، ہجوم کو منظم کرنے اور دونوں مقدس مساجد میں آمدورفت کو آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ نئی سہولیات کے ذریعے زائرین کو عبادات کے دوران بہتر منصوبہ بندی اور وقت کے مؤثر استعمال میں مدد ملے گی۔