قطر نے لبنان میں بڑے شمسی توانائی منصوبے کا اعلان کر دیا۔قطر کے وزیر اعظم نے لبنان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں مدد کے لیے ایک ’بڑے پیمانے پر‘ شمسی توانائی کا منصوبہ (سولر پلانٹ) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے یہ اعلان جمعہ کو بیروت کے دورے کے دوران، اپنے لبنانی ہم منصب نواف سلام سے ملاقات کے بعد کیا۔شیخ محمد نے کہا کہ ہم توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک جامع ڈھانچہ قائم کرنے اور قابلِ عمل حل پیش کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔’قطر انرجی‘ (QatarEnergy) نے فرانسیسی کمپنی ’ٹوٹل انرجیز‘ (TotalEnergies) کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت لبنان میں ابتدائی منصوبے کے طور پر مشترکہ طور پر ایک سولر پاور پلانٹ تیار کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد ایک ایسا بڑا سرمایہ کاری منصوبہ تیار کرنا ہے "جس سے لبنانی معیشت کے ساتھ ساتھ اس میں حصہ لینے والی قطری کمپنیوں اور اداروں کو بھی فائدہ پہنچے۔”وزیر اعظم سلام نے کہا کہ وہ لبنان کے شعبہ بجلی سے متعلق ان منصوبوں کو جلد ہی لبنانی کابینہ کے سامنے پیش کریں گے۔