بیوی سے ڈر کر فرار ہونے کی کوشش میں شوہر 21 ویں منزل سے گر کر ہلاک

Wait 5 sec.

(15 اکتوبر 2026): بیوی سے جھگڑے کا خوف اتنا طاری ہوا کہ گھر سے فرار ہونے کی کوشش میں شوہر 21 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہو گیا۔یہ واقعہ بھارت ریاست اتر پردیش میں پیش آیا، جہاں بیوی کے ڈر سے 31 سالہ شخص نے اپنے گھر سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اس کوشش میں وہ دنیا سے ہی چلا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والے شخص کی شناخت 31 سالہ ہرشت لاوانیا کے نام سے ہوئی ہے، جو گریٹر نوئیڈا شہر کا رہائشی تھا اور گھریلو تنازع کی وجہ سے کئی ماہ سے اپنی بیوی سے الگ رہ رہا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہرشت نے کرائے پر ایک فلیٹ لے رکھا تھا، جہاں وہ تنہا رہائش پذیر تھا۔ وقوعہ والے روز اس کی بیوی جب اس سے بات کرنے فلیٹ پر پہنچی تو نوجوان نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ گھر کا دروازہ نہ کھولنے پر مذکورہ خاتون نے سیکیورٹی گارڈز کو بلوا کر دروازہ کھلوانے کی کوشش کی۔ تاہم اس سے قبل کہ دروازہ کھلتا، ہرشت نے بیوی سے ممکنہ جھگڑے سے بچنے کے لیے فلیٹ کی بالکونی سے فرار ہونے کی کوشش کی۔تاہم فرار ہوتے ہوئے وہ پاؤں پھسلنے کے باعث توازن برقرار نہ رکھ سکا اور 21 ویں منزل سے نیچے آ گرا جہاں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ہرشت کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ جاری گھریلو تنازع کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔