لندن : بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں بڑے اضافے کے بعد 109 ڈالر سے تجاوز کرگئیں، رواں ہفتے قیمتوں میں 5 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں رواں ہفتے خام تیل کی قیمتوں میں شدید تیزی دیکھی گئی اور مجموعی طور پر قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3.72 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ 109.86 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی 3.51 فیصد مہنگا ہو کر 101.41 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اس ناگہانی اضافے کی بنیادی وجوہات عالمی سطح پر رسد میں کمی اور شپنگ انڈسٹری میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔اس کے علاوہ آبنائے ہرمز کے اہم بحری راستے سے تیل کی ترسیل کے لیے کرایوں، انشورنس اور پریمیم چارجز میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں تیل بردار جہازوں کے اخراجات بڑھ گئے ہیں۔