ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جنگ مغربی ایشیاکےماحولیاتی نظاموں کے لیے خطرہ ہے۔آرمینیا میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں مسلط جنگ نے قدرتی ماحولیاتی نظاموں کو شدید خطرے سے دوچار کیا، جنگ کے باعث صنعتی و توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور آگ لگی۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں آلودہ مادے خارج ہوئے اور زمین و پانی آلودہ ہو گئے، ماحولیاتی نظاموں پر جنگ کے اثرات برسوں بلکہ نسلوں تک برقرار رہ سکتے ہیں جنگ کےاثرات کا دائرہ کار وسیع فاصلوں تک پھیل سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی زمین کے کچھ حصے سیکڑوں برسوں تک زندگی برقرار رکھنے کے قابل نہیں رہیں گے، غزہ میں ہونے والی تباہی کی شدت ایک واضح مثال ہے جارحانہ جنگوں کے نتیجے میں جو کچھ رونما ہوا وہ فطرتی چیزوں کی تباہی کے مترادف ہے، ایکوسائیڈیعنی فطرتی چیزوں کی تباہی کی شدید مذمت کی جانی چاہیے۔