کولون(15 اکتوبر 2026): جرمنی میں لڑکی کو نامناسب انداز میں چھونے اور جنسی اشارے کرنے کے الزام میں ایک روبوٹ کو تحویل میں لے لیا۔جرمنی کے شہر کولون میں پولیس نے ایک عجیب و غریب واقعے میں 16 سالہ لڑکی کو نامناسب انداز میں چھونے اور جنسی اشارے کرنے کے الزام میں ایک روبوٹ کو تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ اس کے مبینہ کنٹرولرز کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، یہ واقعہ ہفتے کی رات گئے شہر کے مرکز کے قریب ایک فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹ کے باہر پیش آیا۔ 120 سینٹی میٹر (3.9 فٹ) اونچا سرخ اور سنہری رنگ کا یہ روبوٹ پیچھے سے اس وقت لڑکی کے قریب آیا جب وہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ موجود تھی۔روبوٹ نے مبینہ طور پر لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکت کی اور جنسی اشارے کیے، جس پر لڑکی نے چیخ کر خود کو بچایا اور وہاں سے ہٹ گئی۔شمالی رائین ویسٹ فیلیا پولیس کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ کے مالک 16 سالہ لڑکے اور اس کے 19 سالہ ساتھی پر شبہ ہے کہ انہوں نے اس پورے واقعے کو سوشل میڈیا پر لائیو اسٹریم کیا اور اس دوران نازیبا تبصرے بھی کیے۔واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں کو ایک بلاک دور سے حراست میں لے لیا، جبکہ روبوٹ کو ایک کار کی پچھلی سیٹ سے برآمد کر لیا گیا جہاں اسے چھپایا گیا تھا۔پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس روبوٹ نے کالی موچھیں، گلے میں سنہری چین اور سفید بنیان پہن رکھی تھی۔پولیس نے روبوٹ کے ساتھ ساتھ ملزمان کے دو موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا واقعے کے وقت روبوٹ کو کوئی دور بیٹھا شخص جان بوجھ کر کنٹرول کر رہا تھا یا یہ خودکار نظام کی خرابی کا نتیجہ تھا۔پولیس نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک فالو اپ بیان بھی جاری کیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اس کیس کے بارے میں کیے جانے والے نامناسب اور توہین آمیز تبصرے قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں اور بدترین صورت میں سنگین جرم بن سکتے ہیں۔