سعودی وزیرِ دفاع کی ابوظبی میں شیخ محمد بن زاید سے اہم ملاقات

Wait 5 sec.

ابوظبی(19 اکتوبر 2026): سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ابوظبی کے الشاطی پیلس میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے۔اس ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعد، متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی امور کے لیے مشیر انور غرقاش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اس ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ شہزادہ خالد بن سلمان اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی یہ ملاقات اس بات کی واضح تصدیق کرتی ہے کہ امارات اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی گہرے، مضبوط اور استوار ہیں۔انور غرقاش کا مزید کہنا تھا کہ ہماری سلامتی اور مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اور ہماری یہ شراکت داری خلیجی خطے کے استحکام اور خوشحالی کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی دانشمندی اور مشکل وقت میں ان کے مخلصانہ اور پرعزم مؤقف ہر اس سازش یا کوشش کا سب سے مؤثر اور منہ توڑ جواب ہیں جو ان تعلقات کے خلاف کسی قسم کی منفی امیدیں لگائے بیٹھی ہے۔