ریاض : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عوام کی سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ریاض میٹرو کی بڑی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے تقریباً 5.5 ارب سعودی ریال کی لاگت سے ریاض میٹرو کے فلیٹ میں موجودہ ٹرینوں کی تعداد 183 سے بڑھا کر 277 کرنے کے لیے 94 نئی ٹرینیں خریدنے کے معاہدے کرلیے ہیں، جن کی مرحلہ وار ترسیل 2028 سے شروع کی جائے گی۔سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا اعلان کمیشن کے سی ای او ابراہیم بن محمد السلطان نے ایک پریس کانفرنس میں کیا ، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید موثر بنانے کا حصہ ہے۔یہ توسیعی منصوبہ دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی پبلک ٹرانسپورٹ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ شہر میں تیزی سے بڑھتے رہائشی، تجارتی اور تفریحی مراکز بھی میٹرو پر مسافروں کی تعداد میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔جرمن انجینئرنگ کمپنی سیمنز اور فرانسیسی ریل ساز ادارے الستوم کی تیار کردہ نئی ٹرینوں کو ریاض میٹرو کی تمام 6 لائنوں پر مسافروں کی موجودہ اور متوقع طلب کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔اس اضافے سے ریڈ لائن پر گنجائش میں 142 فیصد، یلو لائن پر 116، بلو لائن پر 60 فیصد اضافے توقع ہے جبکہ اورنج لائن پر 27 اور پرپل پر 16 فیصد اضافہ ہوگا۔اعداد و شمار کے مطابق بلیو لائن کی یومیہ مسافر برداری کی صلاحیت تقریباً 3 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ کر 5 لاکھ 33 ہزار ہوجائے گی، جبکہ ریڈ لائن کی صلاحیت 1 لاکھ 54 ہزار سے بڑھ کر 3 لاکھ 70ہزار مسافروں تک پہنچ جائے گی۔ریاض میں صرف میٹرو ہی نہیں بلکہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بھی وسعت دی جارہی ہے۔ مین اینڈ رنگ روڈ ایکسسز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت تقریباً 700 کلومیٹر سڑکوں اور 330 سے زائد بڑے چوراہوں پر کام جاری ہے، جس میں 300 سے زائد پل اور 80 سرنگیں تعمیر کی جائیں گی۔رائل کمیشن کے مطابق طائف روڈ کو قدیہ سے ملانے والے منصوبے پر تعمیراتی کام 81 فیصد مکمل ہوچکا ہے، جبکہ سیکنڈ سدرن رنگ روڈ پر 45 فیصد اور ریاض کے سسپنشن برج کے متوازی تعمیر کیے جانے والے دو پلوں پر 42 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔سعودی عرب: ریاض میٹرو ریڈ لائن کی توسیع کا اعلان