ایکواڈور: جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے شہر گوایاکیل میں چرچ کے اندر عبادت کی تقریب جاری تھی کہ اچانک لکڑی کی بڑی صلیب گرنے سے پادری کی جان چلی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ آن لائن براہِ راست نشر ہونے والی عبادت کے دوران پیش آیا۔ پادری پیٹریسیو الفریڈو سانچیز مولیناری چرچ آف پرپیچو سوکورو میں پیش آنے والے حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھے، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پادری عبادت کی قیادت کر رہے تھے کہ ان کے پیچھے نصب لکڑی کی بڑی صلیب اچانک گر کر ان کے سر پر لگتی ہے۔رپورٹس کے مطابق چرچ میں اتوار کو پادری کی یاد میں خصوصی عبادت کا اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت گوایاکیل کے آرچ بشپ کارڈینل لوئس کیبریرا نے کی۔چرچ انتظامیہ کے مطابق دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات بھیجنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پادری کی روح کے ابدی سکون کے لیے دعاؤں کی درخواست کی گئی ہے۔