تہران(3 اگست 2026): ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع کے دوران موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں سزا پانے والے دو افراد کو پھانسی دے دی ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، ایرانی عدلیہ نے پھانسی پانے والے دونوں افراد کی شناخت امید بہزاد اور پوریا صفوت کے ناموں سے کی ہے، جنہیں غداری اور جاسوسی کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔عدلیہ کا کہنا ہے کہ دونوں کو 13 جون 2025 کو ہونے والے اسرائیلی حملوں اور 28 فروری 2026 کو امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان شروع ہونے والے وسیع تر تنازع کے دوران اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے افسران کو ایرانی فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات کے کوآرڈینیٹس، تصاویر اور معلومات فراہم کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔24 جولائی کو ختم ہونے والی 13 روزہ مدت کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان فوجی حملوں کا تبادلہ ہوا، جس میں واشنگتن نے ایران کے اندر اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ تہران نے اردن، بحرین اور کویت سمیت کئی عرب ملکوں میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔یہ کشیدگی 18 جون کو واشنگتن اور تہران کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے شروع ہونے والی مذاکرات کے بعد بڑھی تھی۔تاہم، سیکیورٹی کی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی سے متعلق اختلافات کی وجہ سے بعد میں یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے۔