آخری لمحات میں امریکا ایران مذاکرات ملتوی ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں

Wait 5 sec.

سوئٹزرلینڈ میں آخری لمحات میں امریکہ ایران مذاکرات ملتوی ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں ، لبنان پراسرائیلی حملے کے سبب مذاکرات ملتوی کیے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج کی شدید بمباری کے باعث امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والا حالیہ امن معاہدہ شدید خطرات سے دوچار ہو گیا ہے۔لبنان پر مسلسل حملوں کے باعث سوئٹزرلینڈ میں دونوں ممالک کے درمیان شیڈول اہم ترین مذاکرات آخری لمحات میں ملتوی کر دیے گئے ہیں۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سوئٹزرلینڈ کا اپنا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا ہے جہاں انہوں نے ان مذاکرات کی قیادت کرنی تھی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ چیف مذاکرات کار قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سوئٹزرلینڈ روانگی کے لیے بالکل تیار تھے لیکن اسرائیلی جارحیت جاری رہنے کی وجہ سے ایرانی وفد کا دورہ آخری لمحات میں ملتوی کیا گیا۔اگرچہ وائٹ ہاؤس نے اس التوا کی وجہ لاجسٹک مسائل کو قرار دیا ہے، تاہم حزب اللہ کے قریبی سمجھے جانے والے عرب سیٹلائٹ چینل ‘المیادین’ کی رپورٹ کے مطابق، ایران نے لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجاً اپنا وفد سوئٹزرلینڈ بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔خیال رہے اسرائیلی فوج نے رات بھر جنوبی لبنان میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ حزب اللہ نے بھی علاقے میں شدید لڑائی کی تصدیق کی ہے۔لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ان تازہ ترین اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 16 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور اسرائیلی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔