لندن : کنگ چارلس کے پوتے شہزادہ جارج اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے برطانیہ کے معروف اور باوقار تعلیمی ادارے ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے شہزادہ جارج جو کنگ چارلس کے 12 سالہ پوتے ہیں، اپنے والد شہزادہ ولیم کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال ستمبر سے برطانیہ کے ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔کیسننگٹن پیلس سے گزشتہ روز جاری ایک تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ شہزادہ جارج ستمبر سے ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔رپورٹ کے مطابق شہزادہ جارج کے والد ولی عہد شہزادہ پرنس ولیم اور ان کے چچا شہزادہ پرنس ہیری بھی اسی ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کرچکے ہیں جس کا شمار برطانیہ کے اشرافیہ تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے اور یہ ونڈسر کاسل کے قریب واقع ہے۔ یہ بورڈنگ اسکول صرف لڑکوں کے لیے ہے اور اس کی سالانہ فیس تقریباً 63ہزار پاؤنڈ (تقریباً 84 ہزار 552 امریکی ڈالر) ہے۔اس وقت شہزادہ جارج اپنی بہن شہزادی شارلٹ اور بھائی شہزادہ لوئس کے ساتھ ونڈسر کے قریب واقع نجی اسکول لیمبروک میں زیرِ تعلیم ہیں، جہاں شاہی خاندان کا گھر بھی موجود ہے۔شہزادہ ولیم برطانیہ کے پہلے شاہی رکن تھے جنہوں نے ایٹن کالج میں تعلیم حاصل کی جبکہ کنگ چارلس نے اس سے قبل اسکاٹ لینڈ کے شمالی ساحل پر واقع گورڈنسٹون اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی، جہاں ان کے والد شہزادہ فلپ بھی پڑھ چکے تھے، تاہم چارلس کے لیے وہاں کا تجربہ مشکل رہا۔شہزادہ ولیم نے کہا ہے کہ انہیں ایٹن میں اپنا وقت بہت پسند آیا، اور انہوں نے حال ہی میں یہ بھی بتایا کہ وہ اکثر ویک اینڈ پر اپنی مرحومہ دادی ملکہ الزبتھ سے ملنے ونڈسر کاسل چلے جاتے تھے تاکہ ان کے ساتھ چائے پی سکیں۔برطانیہ میں اشرافیہ اور طبقاتی تقسیم کی علامت سمجھے جانے والے ایٹن کالج کی بنیاد بادشاہ ہنری ششم نے 1440 میں رکھی تھی۔اس اسکول میں کئی روایات اب بھی برقرار ہیں، جن میں طلبہ کا ٹیل کوٹ، واسکٹ اور گاؤن پہننا شامل ہے اور اساتذہ کو “beaks” کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے، کالج کی ویب سائٹ کے مطابق ہر سال تقریباً 1ہزار350 طلبہ یہاں داخلہ حاصل کرتے ہیں۔برطانیہ : مستقبل کے بادشاہ 11 سالہ پرنس جارج کا طرز زندگی کیسا ہے؟