سعودی عرب میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کرکے فلپائن کی دھڑ جڑی بچیوں کی زندگی بچالی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ اسپیشلائزڈ چلڈرن اسپتال میں دھڑ جڑی بچیوں کا کامیاب آپریشن کیا گیا جسے دنیا کی کامیاب سرجریز میں شمار کیا جاتا ہے۔22 ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے 6 گھنٹے تک جاری رہنے والی سرجری کے بعد اس آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا اس دوران بچیوں کی جان کو بہت خطرہ لاحق تھا، تاہم ڈاکٹرز نے جدید ٹیکنالوجی اور ماہرین کی مدد سے یہ کارنامہ انجام دیا۔کامیاب آپریشن کے بعد بچیوں کی والدہ خوشی سے آبدیدہ ہو گئیں اور ڈاکٹرز کی ٹیم تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔یہ پڑھیں: سعودی عرب میں کامیاب آپریشن کے بعد دھڑ جڑی بچیوں کو علیحدہ کردیا گیاسرجری کی قیادت سعودی کنجوائنڈ ٹوئنز پروگرام کے سربراہ اور کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کی۔ آپریشن میں 22 ڈاکٹرز، سرجن، نرسز اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم شامل تھی۔ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ دونوں بچیاں سینے اور پیٹ کے حصے سے ایک دوسرے سے جڑی ہوئی تھیں۔ ان کا جگر مشترک تھا جبکہ آنتوں کا ایک حصہ بھی آپس میں ملا ہوا تھا، اس وجہ سے سرجری نہایت پیچیدہ تھی تاہم متعدد طبی جانچ اور ماہرین کے مشوروں کے بعد یہ آپریشن کامیابی سے انجام دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جڑی ہوئی ان دونوں بچیوں میں سے ایک پیدائشی طور پر دل کے عارضہ میں مبتلا تھی جس کی وجہ سے سرجری کے دوران اس کی جان کو زیادہ خطرہ تھا۔