اسلام آباد : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور پروازوں کی بندش کے باعث ویزا اور دیگر مسائل کے شکار غیرملکیوں کی پریشانی کے حل کے لیے بڑی سہولت فراہم کردی۔یو اے ای میں غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کے لیے اپنی قانونی حیثیت درست کروانے کا اہم موقع فراہم کرتے ہوئے 30 دن کی خصوصی رعایت (گریس پیریڈ) کا اعلان کیا ہے۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات حکومت نے ویزا قوانین اور امیگریشن ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کے لیے عام معافی (ایمنسٹی) اسکیم کا اعلان کیا ہے۔اعلان کے مطابق 10جون سے 9 جولائی تک جاری رہنے والی اس اسکیم کے دوران ویزا مدت ختم ہونے، بغیر اجازت قیام یا دیگر امیگریشن خلاف ورزیوں میں ملوث افراد قانونی کارروائی سے بچتے ہوئے جرمانے کی ادائیگی کے بغیر اپنی حیثیت کو باقاعدہ بنا سکتے ہیں یا اپنے وطن واپس جاسکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولت غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے لیے ایک سنہری موقع ہے، جس سے فائدہ اٹھا کر وہ مستقبل کی قانونی مشکلات سے بچ سکتے ہیں۔پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے اپنی دستاویزات کی تجدید کروائیں یا وطن واپسی کے لیے قانونی طریقہ کار اختیار کریں۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنی قانونی حیثیت کو باقاعدہ بنانے کے لیے مقررہ ضابطوں پر عمل کریں۔