مکہ مکرمہ (16 جون 2026): آج نئے ہجری سال کے آغاز پر غلاف کعبہ تبدیل کیا گیا لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس متبرک غلاف کی تیاری میں کتنا سونا چاندی اور ریشم استعمال ہوتا ہے۔ہر سال کی طرح آج یکم محرم الحرام کو مسجد الحرام میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ لیکن اس غلاف کعبہ کو کس طرح اور کتنے مراحل میں تیار کیا جاتا ہے اور کتنا سونا، چاندی اور ریشم استعمال ہوتا ہے، اس کی تفصیل ہم بتاتے ہیں۔غلاف کعبہ کو سات مراحل میں شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں سعودی ہاتھوں سے ہی تیار کیا جاتا ہے اور اس کی تیاری میں سونے، ریشم کی بھاری مقدار استعمال کی جاتی ہے اور ہنرمند ہاتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کرہ ارض کے مقدس ترین مقام کا لباس تیار کرتے ہیں۔غلاف کی تیاری کا سفر دھلائی اور رنگ سازی کے مرحلے سے شروع ہوتا ہے، پھر بُنائی، پرنٹنگ اور کڑھائی کے مراحل سے گزرتا ہے، جس کے بعد حتمی معائنہ اور کوالٹی کنٹرول ہوتا ہے۔ آخر میں تنصیب کا مرحلہ آتا ہے جس پر کعبہ کے نئے غلاف کی تیاری کا سفر مکمل ہوتا ہے۔اس عمل کی ابتدا پانی کی تطہیر (پانی سے نمکیات کو علیحدہ کرنے) سے ہوتی ہے۔ پانی کی تطہیر کے بعد کعبے کے غُسل کا مرحلہ آتا ہے اور دوسری طرف غلاف کی رنگائی کا ابتدائی کام شروع ہو جاتا ہے۔سب سے پہلے غلاف سے موم کی تہہ کو ہٹایا جاتا ہے اور کسوہ کے بیرونی حصے کی سیاہ جبکہ اندورنی حصے کی سبز رنگائی کی جاتی ہے، اس کے بعد خود کار بُنائی کا مرحلہ آتا ہے۔ریشم کا استعمال:ہر سال غلاف کعبہ میں مجموعی طور پر 825 کلو گرام قدرتی خام ریشم کا استعمال ہوتا ہے، جس کو پہلے بُنا جاتا ہے اور پھر مخصوص سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے اور اگلے مرحلے میں غلاف کے مختلف حصوں میں تبدیل کیا جاتا ہے۔سونے کے ملمع شدہ تاروں کا استعمال:کڑھائی کے مرحلے میں غلاف کو سجانے والی قرآنی آیات اور اسلامی نقوش کے لیے سونے کے پانی سے ملمع شدہ چاندی کے تقریباً 120 کلو گرام تار استعمال کیے جاتے ہیں۔چاندی کا استعمال:اس کے علاوہ نفیس کڑھائی کے کاموں میں تقریباً 60 کلو گرام خالص چاندی استعمال ہوتی ہے جو غلاف کو ایک منفرد فنی انداز دیتی ہے اور اس قدیم اسلامی ورثے کی قدر کو اجاگر کرتی ہے۔کپاس کا استعمال:قرآنی آیات اور اسلامی نقوش کو نمایاں کرنے اور غلاف کو خوبصورتی دینے کے لیے تقریباً 410 کلو گرام خام کپاس کا استعمال کیا جاتا ہے جو اسے ایک منفرد اور پروقار شکل دیتا ہے۔نئے اسلامی سال کا اغاز ، مسجدِ الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پَرور تقریب