ابوظہبی : یو اے ای کی رصد گاہ نے دن کی تیز روشنی میں محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی نایاب تصویر محفوظ کر لی۔تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز پر ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے محرم الحرام کے چاند کی پہلی اور نایاب تصویر جاری کر دی ہے، جسے ابوظہبی میں دن کی تیز روشنی کے دوران لیا گیا۔یہ نایاب منظر پیر کی صبح اماراتی وقت کے مطابق 11 بجے مرکز کی مشہور ‘الختم فلکیاتی رصد گاہ’ کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا، جس نے اسلامی مہینے کے آغاز کے چند ہی گھنٹوں بعد نئے نویلے ہلال کی پہلی جھلک دنیا کو دکھائی۔ماہرینِ فلکیات کے مطابق مشاہدے کے وقت چاند سورج سے محض 5.4 ڈگری کے فاصلے پر تھا اور اس کی عمر تقریبا 5 گھنٹے 35 منٹ تھی۔سائنسی اور فلکیاتی لحاظ سے دن کے وقت اتنے کم عمر چاند کی تصویر لینا ایک غیر معمولی اور انتہائی مشکل کارنامہ مانا جاتا ہے، کیونکہ دن کی تیز روشنی اور آسمان کی چمک کے باعث اتنا باریک چاند عام طور پر مدہم اور انسانی آنکھ یا عام کیمروں سے دیکھنا ناممکن ہوتا ہے۔واضح رہے کہ محرم الحرام کا چاند نظر آنا دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نئے ہجری سال کا آغاز ہوتا ہے اور اسلامی کیلنڈر کے چار مقدس ترین مہینوں میں شامل ہونے کی وجہ سے اس کے چاند کے مشاہدے کو خاص مذہبی اور ثقافتی اہمیت حاصل ہے۔