گجرات کے وڈودرا میں بدھ کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب ایک لگژری پرائیویٹ بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والی ٹکر میں 10 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ 25 سے زائد مسافر زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہو گئی۔ زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔Breaking News : વડોદરા શહેરના કોટંબી સ્ટેડિયમ નજીક અકસ્માતમાં 10ના મોત, 25થી વધુ ઈજાગ્રસ્ત#Vadodara#Vadodaraaccident#accident#busaccidenthttps://t.co/WV5bH6R5p4— Tv9 Gujarati (@tv9gujarati) June 17, 2026بالاجی ٹریولس کی ایک لگژری بس راجستھان کے باڑمیر سے سورت جا رہی تھی۔ اسی دوران وڈودرا کے کوٹمبی اسٹیڈیم کے قریب بس ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہو گیا اور بس سامنے کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا اور اس میں سوار کئی مسافر شدید زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق بوقت صبح حادثہ کے بعد مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ کئی لوگ بس کے اندر ہی پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے خصوصی امدادی مہم چلانی پڑی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور وڈودرا فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے راحت رسانی کا کام شروع کر دیا ہے۔امدادی ٹیموں نے بس میں پھنسے مسافروں کو نکال کر ایمبولینس کے ذریعہ اسپتال پہنچایا۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے وڈودرا کے ایس ایس جی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ کے باعث سڑک پر طویل ٹریفک جام لگ گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو قابو میں کیا اور گاڑیوں کی آمد و رفت کو متبادل راستوں سے جاری رکھا۔ حادثے کا شکار بس اور ٹرک کو ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔ فی الحال پولیس اور متعلقہ ایجنسیاں حادثے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈرائیور کی لاپروائی یا تیز رفتاری کو ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔