مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کا اغاز پر مسجدِ الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہوئی اور تبدیلی کا عمل چار گھنٹے میں مکمل ہوا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں نئے اسلامی سال 1448 ہجری کے آغاز پر مسجدِ الحرام میں غلافِ کعبہ (کسوہ) کی تبدیلی کی انتہائی روح پرور اور بابرکت تقریب منعقد ہوئی۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے کارکنوں اور 250 سے زائد ماہر کاریگروں و خطاط نے اس مقدس عمل میں حصہ لیا، جس کے بعد تقریباً 4 گھنٹے کی مسلسل محنت سے خانہ کعبہ پر نیا غلاف چسپاں کر دیا گیا۔مقدس کسوہ کی تیاری کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس (کسوہ فیکٹری) میں 11 ماہ کی انتھک محنت سے مکمل کی گئی۔نیا غلافِ کعبہ مجموعی طور پر 1415 کلوگرام وزنی ہے، جسے تیار کرنے کے لیے 1000 کلوگرام خالص ریشم استعمال کیا گیا ہے۔غلاف پر قرآنی آیات کی انتہائی نفاست سے کشیدہ کاری کی گئی ہے، جس میں 120 کلوگرام خالص سونا (24 قیراط) اور 100 کلوگرام چاندی کے دھاگے استعمال ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ سال 2022 سے غلافِ کعبہ کی تبدیلی یکم محرم الحرام کو نئے اسلامی سال کے آغاز پر کی جا رہی ہے، جبکہ اس سے قبل کئی دہائیوں تک یہ عمل 9 ذوالحج کی صبح کو حجاج کرام کی میدانِ عرفات روانگی کے بعد سرانجام دیا جاتا تھا۔مکہ مکرمہ میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے ان ایمان افروز لمحات کو دنیا بھر کے لاکھوں فرزندانِ توحید نے عقیدت و احترام اور روحانیت کے ساتھ لائیو دیکھا۔