ہنی مون پر سسرال والوں کو ساتھ لے جانے پر دلہن نے دولہا سے طلاق مانگ لی

Wait 5 sec.

نئی دہلی(16 جون 2026): بھارت میں ہنی مون کے دورے پر پورے خاندان کو ساتھ لے جانے کے انوکھے فیصلے نے نوبیاہتا جوڑے کی ازدواجی زندگی کو طلاق کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے علاقے پٹیل نگر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی شادی ریاست اتر پردیش کی رہائشی خاتون سے ہوئی تھی۔ شادی کے بعد دونوں میاں بیوی ہنی مون پر گئے، لیکن یہ سفر خوشگوار یادوں کے بجائے علیحدگی کی وجہ بن گیا کیونکہ دولہا اپنے ساتھ اپنے والدین اور بہن بھائیوں کو بھی ہنی مون پر لے گیا تھا۔ہنی مون کے اس انوکھے انداز پر دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ بیوی نے طلاق کا مطالبہ کر دیا، جس کے بعد اس معاملے کو حل کرنے کے لیے جوڑے کو کونسلنگ سینٹر بھیجا گیا۔دلہن نے کونسلر کو اپنا موقف بتاتے ہوئے کہا کہ ہنی مون پر جانے کا اصل مقصد میاں بیوی کے درمیان تعلق کو مضبوط کرنا ہوتا ہے، لیکن سسرال والوں کی مسلسل موجودگی کی وجہ سے وہ اپنے شوہر کے ساتھ مناسب وقت گزارنے میں ناکام رہیں۔دوسری جانب شوہر نے اپنے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان کو اس لیے ساتھ لے کر گیا تھا کیونکہ وہ سب کو خوش دیکھنا چاہتا تھا، اور اس کے نزدیک اپنے والدین اور بہن بھائیوں کو اس سفر میں شامل کرنا کوئی غلطی یا نامناسب بات نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق میاں بیوی کے درمیان اس تنازع پر اب تک 3 مشاورتی سیشنز ہو چکے ہیں لیکن دونوں میں سے کوئی بھی فریق صلح کے لیے تیار نہیں ہے۔تاہم کونسلرز نے حال ہی میں ایک اور سیشن کا انعقاد کیا ہے اور جوڑے کو اپنے مستقبل کے بارے میں ٹھنڈے دماغ سے غور کرنے کے لیے مزید وقت دے دیا ہے۔