مگرمچھ کے جبڑے میں پھنسا بچہ کیسے زندہ بچا؟ دل دہلا دینے والا واقعہ

Wait 5 sec.

لندن : برطانیہ کے ایک نجی چڑیا گھر میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک نامعلوم شخص مبینہ طور پر تین سالہ بچے کو مگرمچھ کے تالاب میں پھینک کر فرار ہوگیا۔ہولناک واقعے کے بعد چڑیا گھر کے مالک خاندان نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کو مگرمچھ کے جبڑوں سے نکال لیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برطانیہ کے علاقے ہنٹنگڈن میں واقع "جانسنز آف اولڈ ہرسٹ” چڑیا گھر میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر بچے کو تقریباً 15 فٹ نیچے مگرمچھوں کے احاطے میں پھینک دیا۔عینی شاہدین کے مطابق بچے کے اہل خانہ یہ منظر دیکھ کر چیخ اٹھے جبکہ باڑے میں موجود ایک مگرمچھ نے بچے پر حملہ کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی چڑیا گھر کی 55 سالہ مالکن ٹریسی جانسن ان کے 56 سالہ شوہر اینڈریو جانسن اور 29 سالہ بیٹے ایڈورڈ جانسن نے لمحہ بھر کی تاخیر کیے بغیر مگرمچھوں کے تالاب میں چھلانگ لگا دی۔تینوں نے انتہائی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو مگرمچھ کی گرفت سے چھڑایا اور اسے محفوظ مقام پر منتقل کردیا، تاہم حملے کے نتیجے میں بچے کا بازو اور کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں اور ایمبولینس سروس کو فوری طور پر طلب کرکے زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک ہے تاہم خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کے بعد ناروک سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کو اقدامِ قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص طبی معائنے کے بعد تفتیش کے لیے موزوں حالت میں نہیں تھا، جس کے باعث اسے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے اور اسے 18 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص سماعت کے مسائل کا شکار ہے اور اس کے ساتھ دو نگہداشت کرنے والے افراد بھی موجود تھے۔ بعض عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے وقت دونوں نگہداشت کار اپنے موبائل فونز میں مصروف تھے اور مشتبہ شخص پر مناسب توجہ نہیں دے رہے تھے۔