ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قآنی نے کہا ہے کہ جاری جنگ نے امریکا کی ساکھ کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، جبکہ اسرائیل کے زوال کے عمل کو مزید تیز کر دیا ہے۔جنرل اسماعیل قآنی کا کہنا تھا کہ شدید دباؤ، وسیع تباہی اور سنگین ترین حملوں کے باوجود مزاحمتی محور کا کوئی بھی گروپ میدانِ جنگ سے پیچھے نہیں ہٹا۔ دشمنوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود مزاحمتی قوتوں کی ثابت قدمی برقرار رہی، جس نے مخالفین کو شدید خوفزدہ کر دیا ہے۔حزب اللہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حزب اللہ کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اب تک دنیا نے حزب اللہ کی عسکری طاقت کا صرف ایک محدود حصہ دیکھا ہے جبکہ اس کی حقیقی صلاحیت اور طاقت اس سے کہیں زیادہ ہے۔کمانڈر قدس فورس نے ایرانی مذاکرات کاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سفارتی عمل میں ایرانی مذاکرات کاروں نے ثالثوں کے ساتھ مکمل اختیار اور طاقت کے ساتھ بات چیت کی ہے۔