نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیوندر یادو کی موجودگی میں جمعہ کے روز ریاستی دفتر راجیو بھون میں سیلم پور اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینکڑوں سرگرم کارکنان اور حامیوں نے کانگریس پارٹی کا ہاتھ تھام لیا۔ ان کارکنان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کانگریس کے نظریہ، مفاد عامہ کی سیاست اور عوامی مسائل کے لیے انتھک جدوجہد سے متاثر ہو کر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔اس موقع پر راجیو بھون میں منعقدہ پروگرام کی نظامت پارٹی کے جنرل سکریٹری انل بھاردواج نے کی۔ جبکہ تمام لوگوں کا پارٹی میں استقبال کرتے ہوئے دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ جمہوری اقدار، سماجی انصاف اور عوامی خدمت کی سیاست میں یقین رکھتی ہے۔دیویندر یادو نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کا پورا احترام کیا جائے گا اور وہ کانگریس کے نظریہ اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور عوامی لیڈر، اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے دکھائے گئے راستے پر چلتے ہوئے پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر دیوندریادو نے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام کارکنان کو کانگریس کا پٹکا پہنایا۔وہیں، پارٹی میں شامل ہونے والے لوگوں نے عہد کیا کہ مستقبل میں وہ صرف کانگریس پارٹی کے لیے کام کریں گے اور کبھی بھی بھٹک کر کسی دوسری پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔کانگریس پارٹی میں شامل ہونے والوں میں عام آدمی پارٹی کی لیگل ٹیم کے اسمبلی صدر دلشاد خان،سیلم پور وارڈ سے 2022 کے بلدیاتی انتخاب میں امیدوار ممتاز ریاض الدین، بلدیاتی انتخاب میں سابق آزاد امیدوار محمد ایوب مسعودی، منڈل صدر آس محمد، عارف خان، ریاض الدین خان اور زاہد کے نام قابل ذکر ہیں۔تقریب کے دوران ریاستی صدر دیوندر یادو کے علاوہ سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، جنرل سکریٹری انل بھاردواج، ریاستی نائب صدر جگجیون شرما، آبھا چودھری ، سی پی متل، ضلع صدر راجکمار جین، سابق رکن اسمبلی عبدالرحمن، اندرجیت سنگھ، امندیپ سنگھ سودن، جنرل سکریٹری ڈاکٹر پی کے پرمود مشرا، پرمود مشرا وغیرہ موجود تھے۔