میری لینڈ : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ساٹھ روز میں حتمی معاہدہ نہ ہوا تو سخت اقدامات کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت لہجے میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اگلے 60 روز کے اندر تہران کے ساتھ حتمی معاہدہ طے نہ پایا، تو امریکہ ایسے سخت اقدامات اٹھائے گا جس سے ایران کو بالکل خوشی نہیں ہوگی۔میری لینڈ میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ گزشتہ رات ہی ایران کے ساتھ ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، تاہم اب تہران کے پاس حتمی ڈیل کو مکمل کرنے کے لیے صرف 60 دن کا وقت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر حتمی معاہدہ نہ ہو سکا تو امریکہ انتہائی سخت رخ اختیار کرے گا۔البتہ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ "مجھے نہیں لگتا کہ بات وہاں تک پہنچے گی اور حتمی ڈیل وقت پر مکمل ہو جائے گی”۔حالیہ کارروائیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ محض ایک ہفتے کی جنگ کے دوران امریکی افواج نے ایران کی پوری بحریہ، فضائیہ، تمام میزائل ہتھیار اور ریڈار نظام سمیت ان کی عسکری صلاحیتوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اس صورتحال کی سنگینی کو سمجھے اور طے شدہ وقت کے اندر حتمی ڈیل کو یقینی بنائے۔عالمی مبصرین امریکی صدر کے اس بیان کو ایران-امریکہ تعلقات اور خطے کی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔