بچوں کے معروف برانڈ ’آرگینک انفینٹ فارمولا‘ کی کھیپ مارکیٹ سے واپس

Wait 5 sec.

واشنگٹن : امریکا میں حفاظتی نکتہ نظر کے تحت نوزائیدہ بچوں کے ’آرگینک انفینٹ فارمولا‘ کی پوری کھیپ کمپنی نے مارکیٹ سے واپس منگوالی۔امریکہ میں نوزائیدہ بچوں میں بوٹولینم انفیکشن کی تصدیق اور اسپتالوں میں داخل ہونے کے واقعات سامنے آنے کے بعد ’نارا آرگینکس‘ نامی کمپنی نے اپنی تمام اقسام ’بےبی انفینٹ فارمولا‘ کے ڈبے رضاکارانہ طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آرگینک انفینٹ فارمولا تیار کرنے والی کمپنی نارا آرگینکس (Nara Organics) کا کہنا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) اور سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے اسے گزشتہ ہفتے اطلاع دی تھی کہ تین شیر خوار بچوں میں انفینٹ بوٹولزم کے کیسز سامنے آئے ہیں، جنہوں نے نارا آرگینکس کا فارمولا استعمال کیا تھا۔طبی ماہرین کے مطابق انفینٹ بوٹولزم ایک نایاب مگر خطرناک بیماری ہے جو کلسٹریڈیم بوٹولینم نامی بیکٹیریا کے جراثیمی ذرات بچوں کے جسم میں داخل ہونے کے بعد پیدا ہوتی ہے۔چونکہ شیر خوار بچوں کا نظامِ ہاضمہ مکمل طور پر مضبوط یا طاقتور نہیں ہوتا، اس لیے یہ بیکٹیریا وہاں زہریلے مادے پیدا کرسکتا ہے جو صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنتے ہیں۔اس بیماری کی علامات میں قبض، دودھ پینے میں دشواری، پلکوں کا جھک جانا، سانس لینے میں مشکلات اور شدید صورت میں سانس بند ہونے کے خطرات شامل ہیں۔نارا آرگینکس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی کے کسی بھی نمونے میں مذکورہ بیکٹیریا کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی، تاہم صارفین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطاً تمام مصنوعات واپس منگوائی جا رہی ہیں۔کمپنی کے مطابق متاثرہ پاؤڈر فارمولا جولائی 2025 سے جون 2026 کے دوران امریکا میں فروخت کیا گیا تھا، جبکہ یہ مصنوعات امریکا سے باہر دستیاب نہیں تھیں۔ایف ڈی اے کے مطابق متاثرہ بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا علاج ریاست کیلیفورنیا، واشنگٹن اور پنسلوانیا کے اسپتالوں میں جاری ہے۔ ادارے نے بتایا کہ آخری اطلاعات تک کسی بچے کی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔یاد رہے کہ رواں سال بچوں کی مصنوعات سے متعلق سامنے آنے والا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے، اس سے قبل ’بائی ہارٹ کمپنی‘ کے پاؤڈر فارمولا کو بھی متعدد ریاستوں میں انفینٹ بوٹولزم کے کیسز سے جوڑا گیا تھا، جبکہ مئی میں نیوزی لینڈ کی ’اے ٹو ملک‘ کمپنی نے امریکا میں فروخت ہونے والے اپنے انفینٹ فارمولا کے تین بیچز ممکنہ زہریلے مادے "سیریولائیڈ” کی موجودگی کے باعث واپس منگوا لی تھیں۔واضح رہے کہ ایف ڈی اے نے اپریل میں جاری اپنی گزشتہ رپورٹ میں کہا تھا کہ امریکی مارکیٹ میں دستیاب بچوں کے دودھ کے نمونوں میں آلودگی کی انتہائی کم مقدار پائی گئی تھی اور مجموعی سپلائی استعمال کے لیے محفوظ قرار دی گئی تھی۔مارکیٹوں سے ہزاروں ’بے بی فوڈ جارز‘ کیوں واپس منگوا لیے گئے؟