نیو یارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں راک بینڈ ‘گوز’ کے کنسرٹ کے دوران بالکونی سے گر کر 51 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک سٹی کے معروف تفریحی مرکز میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 51 سالہ شخص جان کی بازی ہار گیا۔یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کی رات تقریباً 9:51 بجے پیش آیا، پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کسی بلند مقام سے نیچے گرا تھا اسے فوری طور پرمقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔حفاظتی عملے نے فوری طور پر متاثرہ حصے کو گھیر لیا اور شائقین کو وہاں سے ہٹا دیا، حادثے کے وقت امریکی راک بینڈ گوز اپنے دو روزہ کنسرٹ سیریز کے دوسرے پروگرام میں پرفارم کر رہا تھا۔پولیس نے تاحال ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ وہ کتنی بلندی سے گرا تھا، حکام واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کے بعد گوز بینڈ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک تعزیتی بیان میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس المناک واقعے کی خبر سن کر صدمے میں ہیں۔یاد رہے کہ میڈیسن اسکوائر گارڈن کا شمار دنیا کے معروف ترین انڈور ایریناز میں ہوتا ہے، جہاں موسیقی کی تقریبات، باسکٹ بال مقابلے اور دیگر بڑے عوامی اجتماعات منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ تاہم اس افسوسناک واقعے نے کنسرٹ کے شرکا اور موسیقی کے شائقین کو سوگوار کر دیا ہے۔