نئی دہلی: فصیل بند شہر پرانی دہلی کے سینئر کانگریس لیڈر مرزا جاوید علی کو گزشتہ روز دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کا جنرل سکریٹری بنائے جانے پر ماہانہ میٹنگ میں استقبالیہ دیا گیا۔ کوچہ پنڈت گلی وکیل والی میں منعقدہ تقریب میں کانگریس کارکنان و لیڈران نے نئی اور اہم ذمہ داری ملنے پر مرزا جاوید علی کا زوردار استقبال کیا اور انہیں مبارکباد دی، اور کہا کہ کانگریس پارٹی نے ایک مرتبہ پھر آپ کے کاموں کو دیکھتے ہوئے یہ ذمہ داری سونپی ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں مرزا جاوید علی نے کہا کہ آج ملک میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ ہر جگہ عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی ہی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو موجودہ حکومت سے سوال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی جی ہندوستانی عوام کے مسائل کو پوری طاقت کے ساتھ سڑکوں سے لے کر پارلیمنٹ تک اٹھا رہے ہیں اور برسراقتدار حکومت کے سیاہ کارناموں کو پوری بے باکی سے اجاگر کر رہے ہیں۔مرزا جاوید نے کہا کہ راہل گاندھی کانگریس پارٹی کے ایک ایک سپاہی کے لیے مثالی رہنما ہیں، ایسے رہنما جو سکھاتے ہیں کہ کتنی بھی مشکلات آ جائیں ہمیں حق بات ضرور کہنی چاہئے، اور عوام سے جڑے مسائل کو اٹھاتے رہنا چاہئے، کیونکہ جمہوریت میں حکومت سے سوال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اور میری کارکردگی کو دیکھتے ہوئے جنرل سکریٹری کی ذمہ داری سونپی ہے، جس کو میں بحسن و خوبی ادا کروں گا۔ تقریب میں موجود کارکنان سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اب اپنی کمر کس لینی چاہئے کیونکہ ہمارے علاقے میں بھی حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ عوامی نمائندوں نے جو وعدے کئے تھے، ان پر وہ کھرا نہیں اتر رہے ہیں، اور جو ترقیاتی کام فصیل بند شہر، بالخصوص مٹیا محل اسمبلی حلقہ میں ہوجانے چاہئے تھے، وہ اب تک نہیں ہوئے ہیں جس میں کہیں نہ کہیں موجودہ نمائندوں کی سست روش اور سستی ظاہر ہوتی ہے۔اس موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان کنور شہزاد نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ مرزا جاوید علی دہلی کانگریس کا ایک ایسا نام ہے جنہوں نے زمینی سطح سے اپنے سیاسی سفر کی شروعات کی ہے اور انہوں نے کانگریس کی مضبوطی کے لیے خوب کام کیا ہے۔ ان کی اسی خوبی کو دیکھتے ہوئے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے انہیں جنرل سکریٹری کی ذمہ داری سونپی ہے اور ان کی قیادت میں ہم اپنے اسمبلی حلقہ مٹیا محل کے ساتھ ساتھ دہلی میں کانگریس پارٹی کی جڑوں کو مزید مضبوط کرنے پر کام کریں گے۔تقریب میں سیما عابد اور محمد ساجد نے بلاک کانگریس کمیٹی بازار سیتا رام کی کارگزاری اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ علاقے کے لوگ کانگریس پارٹی کی طرف امید کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ تاہم، ہمیں راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی کے ترقیاتی ماڈل کو عوام تک پہنچانے کا کام شروع کر دینا چاہئے، جس کے لیے جلد ہی مہم شروع کی جائے گی۔ اس سے زیادہ سے زیادہ لوگ کانگریس پارٹی سے جڑ سکیں گے۔