کویت میں پاسدارانِ انقلاب کے 4 ارکان گرفتار، ایران کی تصدیق

Wait 5 sec.

کویت(14 مئی 2026): ایران نے کویت میں اپنے پاسدارانِ انقلاب کے چار ارکان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے، تاہم کویتی حکام کی جانب سے لگائے گئے تخریب کاری کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے یہ ارکان معمول کے بحری گشت پر تھے کہ کشتی کے نیویگیشن سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔جس کے باعث وہ غیر ارادی طور پر کویتی سمندری حدود میں داخل ہوئے۔ ایران کا موقف ہے کہ ان افراد کا مقصد کوئی غیر قانونی سرگرمی نہیں تھا۔دوسری جانب کویتی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار افراد میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے دو کرنل، ایک کیپٹن اور ایک لیفٹیننٹ شامل ہیں۔کویتی حکام کے مطابق گرفتار افسران نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا مشن کویت کے بوبیان جزیرے میں دراندازی کرنا تھا۔کویتی وزارتِ خارجہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اپنی قومی خودمختاری پر حملہ اور تخریبی عمل قرار دیا ہے۔ کویت کا کہنا ہے کہ ان افسران کی موجودگی محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ تھی، جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔