سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بیٹے پرتیک یادو کا آج صبح انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر محض 38 سال تھی۔ اطلاعات کے مطابق طبیعت بگڑنے پر انہیں سول اسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پرتیک یادو بی جے پی لیڈر اپرنا یادو کے شوہر تھے۔श्री प्रतीक यादव जी का निधन, अत्यंत दुखद!ईश्वर दिवंगत आत्मा को शांति प्रदान करें।विनम्र श्रद्धांजलि!— Samajwadi Party (@samajwadiparty) May 13, 2026رپورٹس کے مطابق اکھلیش یادو کے چھوٹے بھائی پرتیک کو صبح 5 بج کر 55 منٹ پر اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال لانے سے قبل ہی ان کی موت ہو چکی تھی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی پرتیک یادو کی موت کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے گا۔ دراصل ایک ہفتہ قبل بیمار ہونے کی وجہ سے پرتیک یادو کو لکھنؤ کے میدانتا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حالات مستحکم ہونے کے بعد انہیں گھر لایا گیا تھا۔ میدانتا میں داخلے کے دوران اکھلیش یادو اور ڈمپل یادو انہیں دیکھنے بھی گئے تھے۔ پرتیک اپنی فٹنس کو لے کر کافی سنجیدہ رہتے تھے۔ ان کی موت کیوں اور کیسے ہوئی، فی الحال اس کی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔پرتیک یادو کا تعلق اگرچہ ایک سیاسی خاندان سے تھا، لیکن وہ خود سیاست سے دور تھے۔ وہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کی دوسری بیوی سادھنا گپتا کے بیٹے تھے۔ ان کی اہلیہ اپرنا یادو بی جے پی کی لیڈر ہیں اور اتر پردیش خواتین کمیشن کی نائب صدر ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اکھلیش یادو کے سوتیلے بھائی پرتیک یادو اپنی فٹنس سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرتے رہتے تھے۔ وہ لکھنؤ میں واقع ’فٹنس پلینیٹ‘ جم کے مالک تھے اور ’جیو آشرے‘ نامی ایک تنظیم بھی چلاتے تھے۔ اس تنظیم میں آوارہ کتوں (اسٹریٹ ڈاگ) کے علاج، دیکھ بھال، خوراک اور ریسکیو کا کام کیا جاتا ہے۔ پرتیک ان کاموں میں مصروف رہتے تھے اور اپنی فٹنس پر خاصی توجہ دیتے تھے۔