پاکستان: بلوچستان کے ضلع کوہلو میں فائرنگ سے 11 مزدور ہلاک

Wait 5 sec.

اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 11 مزدوروں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ ضلع کے علاقے اُوسڑی میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے مزدوروں کی دو گاڑیوں کو روک کر ان پر فائرنگ کی۔ کوہلو کے ایک سینئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ مزدور چمالانگ کے علاقے سے دو گاڑیوں میں دُکی جا رہے تھے۔ اُوسڑی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑیوں کو روک لیا اور مزدوروں کو نشانہ بنایا۔اہلکار کے مطابق، حملہ آوروں نے دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا، تاہم 11 مزدوروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے۔ ان میں 7 افغان شہری جبکہ 4 کا تعلق مقامی قبائل سے تھا۔ سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، تاہم اب تک کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔دوسری جانب بلوچستان حکومت کے محکمہ داخلہ کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمالانگ میں 11 بے گناہ مزدوروں کا قتل انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق، محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے والے غریب مزدوروں کو نشانہ بنانا امن اور ترقی کے دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان کے محنت کش عوام کو نشانہ بنانے والے عناصر صوبے میں امن اور ترقی کے مخالف ہیں۔ ادھر پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے چمالانگ اور دُکی کے علاقوں میں ماضی میں بھی کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔