گوگل میپس کی سادہ سی پن قتل کی ہولناک سازش کا حصہ بن گئی

Wait 5 sec.

یو اے ای میں گومل میپس کی سادی سی پن قتل کی ہولناک سازش کا حصہ بن گئی۔گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ پر موصول ہونے والا پیغام جس میں صرف ’گوگل میپس‘  کی لوکیشن پن موجود تھی ایک نوجوان کو متحدہ عرب امارات کے ایک ویران صحرائی علاقے میں لے گیا وہاں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے افراد نے اسے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔پیغام بھیجنے والے دوست پر بھروسہ کرتے ہوئے مقتول بتائی گئی جگہ پر پہنچ گیا، اسے ذرا بھی گمان نہ تھا کہ یہ ملاقات دراصل اسے قتل کرنے کے لیے طے کی گئی تھی۔سازش کا آغاز اس وقت ہوا جب مقتول اور ایک دوسرے شخص کے درمیان مالی تنازع شدت اختیار کر گیا جس کے نتیجے میں تلخ کلامی ہوئی اور دھمکیاں دی گئیں اس تنازعے کے بعد دوسرے شخص نے نوجوان کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک اور شخص کو اپنے ساتھ ملا لیا۔جب مقتول نے ان کی فون کالز کا بار بار کوئی جواب نہیں دیا تو ان افراد نے اسے بغیر کسی شک و شبہ کے اپنے پاس بلانے کا ایک اور طریقہ سوچا، انہوں نے ایک تیسرے شخص سے رابطہ کیا جو مقتول کا دوست تھا، اور اس سے کہا کہ وہ نوجوان کو واٹس ایپ پر ایک لوکیشن بھیجے۔اس پیغام میں کوئی تحریر یا وضاحت نہیں تھی  صرف ’گوگل میپس‘ کی ایک لوکیشن پن تھی۔پیغام کو درست سمجھتے ہوئے مقتول نے اپنے دوست پر اعتماد کیا اور بتائے گئے ویران صحرائی علاقے کی طرف روانہ ہو گیا لیکن جو بظاہر ایک عام سی ملاقات لگ رہی تھی وہ درحقیقت ایک مہلک گھات تھی۔جیسے ہی نوجوان وہاں پہنچا ان افراد نے اسے گھیر لیا اور جھگڑا شروع ہو گیا۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے اس کے سینے میں چاقو گھونپ دیا بعد ازاں، یہ افراد زخمی نوجوان کو گاڑی میں ہسپتال لے گئے اسے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے دروازے پر چھوڑا اور وہاں سے چلے گئے۔بعد ازاں یہ واقعہ عدالتی کارروائی کا حصہ بنا جس میں ججوں نے اس واقعے میں ملوث تینوں افراد کے انفرادی کردار اور مجرمانہ ذمہ داری کا جائزہ لیا۔قانونی مشیر اور وکیل محمد علی الحمادی نے ’گلف نیوز‘ کو بتایا کہ ’کورٹ آف کیسیشن‘ نے فیصلہ سنانے سے پہلے ہر ملزم کے اقدامات اور اس میں ملوث ہونے کی نوعیت کا بغور جائزہ لیا۔عدالت نے یہ طے کیا کہ ایک ملزم نے براہِ راست قتل کا ارتکاب کیا جبکہ دوسرے نے اس قتل کی منصوبہ بندی کی اور وہ اس سازش کا مرکزی کردار تھا تیسرے شخص نے اپنے موبائل فون کے ذریعے مقتول کو لوکیشن پن بھیجی تھی تاہم عدالت نے پایا کہ اس نے ایسا قتل کے منصوبے سے بے خبر رہتے ہوئے کیا تھا اور اسے مقتول کو قتل کرنے کے کسی بھی معاہدے کا علم نہیں تھا۔نتیجتاً، اسے قتل میں شرکت کرنے پر مجرمانہ طور پر ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔عدالت نے قاتل اور اس جرم کی منصوبہ بندی کرنے والے شخص کو سزائے موت سنائی جبکہ تیسرے ملزم کو جرم کی اطلاع نہ دینے پر ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔