ہندوستان کو درپیش سیکورٹی چیلنجز اب صرف زمین، سمندر اور آسمان تک محدود نہیں رہ گئے ہیں۔ جنگ کا ایک نیا محاذ خلا بھی بن چکا ہے۔ چین اپنی خلائی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط کر رہا ہے اور اب اس کی مدد سے پاکستان بھی اس سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس درمیان ہندوستان کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیت کو ہندوستان کو اپنی فوجی حکمت عملی میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’چین کی مدد سے پاکستان کی خفیہ نگرانی اور اہداف کی شناخت کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکتی ہے۔ اسی چیلنج کو دیکھتے ہوئے ہندوستان نے اپنے 52 سیٹلائٹ پر مشتمل نگرانی کے پروگرام کو آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے۔‘‘نئی دہلی واقع وویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن میں ’جنگ کے مستقبل اور کثیرالجہتی کارروائیوں کو انجام دینے کے لیے ہندوستان کی تیاری‘ موضوع پر منعقدہ پروگرام میں جنرل سبرامنی نے خلائی جنگ کے بدلتے ہوئے چیلنجز پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے پاکستان کی خلائی صلاحیت بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان کی اپنی خلائی تنظیم سپارکو (اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن) بھی مقامی صلاحیتیں تیار کرنے میں مصروف ہے۔ سی ڈی ایس نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کو یہ فرض کر کے چلنا چاہیے کہ ترکی بھی پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔ چین کے پاس موجود آئی ایس آر یعنی انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی (ریکونیسنس) اور پی این ٹی یعنی پوزیشننگ، نیویگیشن اور ٹائمنگ جیسی صلاحیتوں کا فائدہ پاکستان کو مل سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان ہندوستانی فوجی اڈوں، سرحدی سرگرمیوں اور فوجی وسائل کی نگرانی کرنے کی پہلے کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں آ سکتا ہے۔پاکستان اور چین کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کے درمیان ہندوستان اپنے اسپیس بیسڈ سرویلنس (ایس بی ایس-3) پروگرام کو مضبوط کر رہا ہے۔ اس کے تحت 52 نگرانی کرنے والے سیٹلائٹ خلا میں نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان سیٹلائٹس میں دو طرح کے سینسر استعمال کیے جائیں گے:پہلا الیکٹرو آپٹیکل سینسر ہوگا، جو تصاویر کے ذریعہ زمین پر موجود سرگرمیوں کی معلومات فراہم کرے گا۔دوسرا سنتھیٹک اپرچر ریڈار (ایس اے آر) ہوگا، جو بادلوں اور اندھیرے جیسی صورت حال میں بھی زمین کی نگرانی کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ان سیٹلائٹس کو لو ارتھ آربٹ (ایل ای او) میں نصب کیا جائے گا۔ یہ زمین سے تقریباً 160 سے 2000 کلومیٹر کی بلندی پر واقع علاقہ ہے۔ اس پروگرام کو بنیادی طور پر 2029 کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہندوستان اس سے پہلے بھی ایس بی ایس پروگرام کے تحت کارٹوسیٹ اور ریسیٹ سیریز کے سیٹلائٹس نصب کر چکا ہے۔ ان دونوں نے آپٹیکل اور ریڈار پر مبنی نگرانی کی صلاحیت کو فروغ دینے میں تعاون کیا ہے۔جنرل سبرامنی نے کہا کہ ہندوستان کو چین کے برابر آنے کے لیے اتنے ہی سیٹلائٹس بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان کا ہدف اپنی ضرورت کے مطابق کافی تعداد میں سیٹلائٹس تیار کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے خاص طور پر ری وزٹ ٹائم کم کرنے پر زور دیا۔ ری وزٹ ٹائم کا مطلب ہے کہ کوئی سیٹلائٹ زمین کے ایک ہی مقام کو دوبارہ دیکھنے میں کتنا وقت لیتا ہے۔ فرض کیجیے کہ کسی سرحدی علاقے کی نگرانی کرنے والا سیٹلائٹ ایک بار وہاں سے گزرنے کے بعد 12 گھنٹے تک واپس نہیں آتا، تو اس دوران ہونے والی سرگرمیوں کی معلومات فوری طور پر نہیں مل سکیں گی۔ لیکن اگر سیٹلائٹس کی تعداد بڑھا دی جائے تو نگرانی کے درمیان وقفے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان اسی سمت میں آئی ایس آر، پی این ٹی اور ای ایل آئی این ٹی یعنی الیکٹرانک انٹیلی جنس کی صلاحیتوں کو مضبوط کر رہا ہے۔