اسعد آباد : افغانستان میں ہونے والے اسکول دھماکے کے اہم حقائق منظرِ عام پر آگئے، دھماکہ فتنہ الخوارج سوات کے دہشت گرد، بارودی ماہر اور ٹرینر سمندر استاد کے گھر میں ہوا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ کنڑ کے شہر اسعد آباد میں اسکول دھماکے سے متعلق نئے حقائق سامنے آئے ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکہ فتنہ الخوارج سوات کے دہشت گرد، بارودی مواد کے ماہر اور ٹرینر سمندر استاد کے گھر میں ہوا تھا، جہاں بارودی سرنگیں تیار کرنے اور خوارج کو دھماکہ خیز مواد کے استعمال کی تربیت دی جارہی تھی۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت وہاں 20 سے 25 خوارجوں کو بارودی مواد کے استعمال کی تربیت دی جارہی تھی کہ اسی دوران ساتھ والے کمروں میں رکھا دھماکہ خیز مواد بھی پھٹ گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 30 خوارج ہلاک اور 28 زخمی ہوئے، جبکہ اس سے فتنہ الخوارج کے تین سے چار باہم جڑے ہوئے گھر اور قریبی سرکاری مڈل اسکول کے دو کمرے بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق دھماکے کی زد میں آنے سے سرکاری مڈل اسکول کے 28 سے 30 طلبہ جاں بحق ہوئے، جبکہ تین اساتذہ سمیت 120 سے 130 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد طالبان رجیم نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طالبان رجیم واقعے کی اصل نوعیت پر پردہ ڈالنے کے لیے اسے نورستان کے ایک کان کن ٹھیکیدار کے بارودی مواد کے گودام میں ہونے والا دھماکہ قرار دے رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گرد حملوں کے لیے تیار کیے جانے والے دیسی ساختہ بم بالآخر افغانی بچوں کی ہی جانیں لے گئے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج آبادی کے درمیان گھروں میں تربیتی مراکز قائم کرکے اور بارودی سرنگیں تیار کرکے افغان شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہا ہے۔ذرائع کے مطابق طالبان رجیم کی جانب سے واقعے کی اصل حقیقت چھپانے کی کوشش فتنہ الخوارج کی مبینہ سرپرستی کا ثبوت ہے۔دہشت گردوں کی سرپرستی اور انہیں محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کی قیمت افغان شہری، بالخصوص معصوم بچے، اپنی جانوں سے ادا کررہے ہیں۔افغانستان میں اسکول کے قریب خوفناک دھماکا، 6 طلبہ جاں بحق، سینکڑوں زخمی