صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روز لوک سبھا سے ’حد بندی (دوئم) بل، 2026‘ پر غور کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ مرکزی کابینہ سے جمعہ کو منظوری ملنے کے بعد یہ بل خصوصی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں پیش ہونا ہے۔ اس کے تحت ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی لوک سبھا سیٹوں کے ساتھ ساتھ اسمبلی سیٹوں میں بھی 50 فیصد اضافہ کی تجویز ہے۔ اس معاملہ میں سیاسی گھمسان بھی تیز ہوتا نظر آ رہا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت حدبندی کے بہانے ایسا نظام لانا چاہتی ہے، جس کے ذریعہ ہمیشہ بی جے پی اور آر ایس ایس ہی اقتدار میں رہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر ایک بار حد بندی کے بہانے سیٹوں کی تعداد بڑھ گئی تو بی جے پی 50 سال تک حکومت کرے گی اور اسے کوئی اقتدار سے ہٹا نہیں پائے گا۔‘‘اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ عجلت میں جو کچھ کیا جا رہا ہے، وہ ملک کے مفاد میں بالکل بھی درست نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی جو باتیں کہہ رہے ہیں، حکومت کو انہیں سننا چاہیے۔ بی جے پی یہ سب کچھ صرف اپنے مفاد کے لیے کر رہی ہے۔ بی جے پی کو ملک سے کوئی سروکار نہیں ہے اور اسے صرف اپنا اقتدار برقرار رکھنا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’خواتین کو ریزرویشن دینے کے نام پر لایا جا رہا یہ مجوزہ قانون ملک کے پارلیمانی اور انتخابی نظام پر دور رس اثرات مرتب کر سکتا ہے۔‘‘اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ کی نیت صاف ہے اور آپ خواتین کو ریزرویشن دینا چاہتے ہیں تو اس سے متعلق بل پہلے ہی اتفاق رائے سے منظور ہو چکا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں نے اسے اتفاق رائے سے منظور کیا ہے۔ ابھی لوک سبھا کی 543 سیٹیں ہیں، اسی پر اسے نافذ کر دیجیے۔‘‘ انھوں نے بی جے پی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’’50-50 کروڑ روپے دے کر دوسری سیاسی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کو خریدا جا رہا ہے۔ دل بدل مخالف قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔‘‘سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے راجستھان پنچایت انتخاب میں بی جے پی کی خراب کارکردگی کا ذکر بھی اپنی بات چیت کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ راجستھان کے پنچایت انتخابات میں بی جے پی صرف اپنی لمبی لمبی باتوں کی وجہ سے ہار گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے 3 سال تک کوئی کام نہیں کیا اور صرف بیانات دینے میں مصروف رہی۔ وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزراء کا اپنے ہی گھر میں ہار جانا انتہائی شرمناک ہے۔ عوام کے مفادات کو نظر انداز کیا گیا اور خواب دکھا کر واہ واہی لوٹنے کی کوشش کی گئی۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’راجستھان میں بی جے پی حکومت نے اپنے انتخابی منشور میں جو وعدے کیے تھے اور بجٹ میں جو اعلانات کیے تھے، ان پر کوئی کام نہیں کیا۔ اسی وجہ سے عوام نے اسے سبق سکھایا ہے۔‘‘