واشنگٹن: امریکی ایئر فورس کے مرکزی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم پر ہیکرز کے حملے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے حساس ڈیٹا کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم میں نقب لگا دی ہے، جس سے ایئر فورس کے حساس ڈیٹا کو ممکنہ طور پر خطرات لاحق ہو گئے ہیں، ہیکرز نے کلاؤڈ ون پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کی۔سائبر حملے کا انکشاف گزشتہ ماہ سسٹم اپ گریڈ کے دوران ہوا، سائبر حملے کے باعث امریکی فضائیہ کا کلاؤڈ وَن پلیٹ فارم متاثر ہوا، ہیکنگ کے باعث کلاؤڈ ون پر ایپس کی اپ ڈیٹس روک دی گئیں۔سائبر حملے کے بعد بعض صارفین سے ایڈمنسٹریٹر اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں، ہیکرز نے سافٹ ویئر کمزوری سے فائدہ اٹھا کر کنٹرول پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کی تھی۔رپورٹ کے مطابق کلاؤڈ ون پر اہلکاروں کا ریکارڈ، لاجسٹکس اور عسکری ساز و سامان کا ڈیٹا موجود ہے، متاثرہ پلیٹ فارم میزائلوں، بموں کی نگرانی کے نظام سے بھی منسلک ہے۔ہیکرز کی شناخت اور حملے کی مکمل نوعیت اور ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔تمام ضروریات کے لیے ایک ہی پلیٹ فارمواضح رہے کہ 2017 میں شروع کیے گئے کلاؤڈ ون کا مقصد فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک ہی جگہ تمام سہولتیں فراہم کرنا تھا۔ اس میں چار آپریٹرز (مائیکروسافٹ، ایمیزون، اوریکل اور الفابیٹ) کے وسائل یکجا کیے گئے تاکہ درجنوں ایپلی کیشنز چلائی جا سکیں، جن میں اہلکاروں کے ڈیٹا اور تنخواہوں، یا رسد اور دیکھ بھال کا انتظام کرنے والی ایپلی کیشنز بھی شامل ہیں۔ان میں فضائیہ کا کلاؤڈ بیسڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بھی شامل ہے، جو پورے شمالی امریکا سے فضائی دفاع کے ریڈار اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو یکجا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تھیٹر انٹیگریٹڈ کامبیٹ میونیشنز سسٹم بھی ہے، جو دنیا بھر میں امریکی فضائیہ کے 200 سے زیادہ مقامات پر بموں اور میزائلوں کا سراغ رکھتا ہے۔ذرائع کے مطابق کلاؤڈ ون امریکی فوج کے سب سے بڑے کلاؤڈ پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے، اور اس میں نقب لگنا ایک بہت بڑا معاملہ ہے۔ نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے تفتیش کاروں نے سائبر کمانڈ کو طلب کیا ہے، جو امریکی فوج کا سائبر محاذ ہے۔