اسرائیل میں قومی اتحادی حکومت بنانےکی کوشش ناکام

Wait 5 sec.

اسرائیل میں قومی اتحادی حکومت بنانےکی کوشش ناکام ہو گئی، نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے درمیان ملاقات بےنتیجہ ختم ہو گئی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اپوزیشن رہنما آئزن کوٹ کا نیتن یاہو سے مزید ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ ہے جو کہ اس بات کا اشارہ ہے کہ آئزن کوٹ کا سیاسی اتحاد اب اقلیتی حکومت بنانےکی جانب بڑھ رہا ہے۔یائرلاپید نے آئزن کوٹ پر زور دیا کہ نیتن یاہو کے بغیر حکومت بنائی جائے۔ان مذاکرات سے قبل نیتن یاہو نے قومی حکومت اتحاد کی حکومت بنانے کے لیے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے پر باری باری ذمے داری نبھانے کی تجویز دی ہے۔نیتن یاہو نے مجوزہ مخلوط حکومت میں وزارتِ عظمیٰ کی پہلی باری آئزین کوٹ کو دینے کی پیشکش کر دی ہے، انھوں نے ایکس پر لکھا کہ وہ تمام معاملات ایک طرف رکھ کر اس بات پر متفق ہیں کہ آئزنکوٹ ابتدا میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالیں، جب کہ وہ بعد میں متبادل کے طور پر یہ ذمے داری ادا کریں۔نیتن یاہو نے ہفتے کی شب کہا کہ وہ اس اصول سے دست بردار ہونے کے لیے تیار ہیں کہ سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہی حکومت کا سربراہ ہونا چاہیے۔آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی جماعت لیکود کی سنجیدگی جانچنے کا عندیہ دے دیا ہے اور مذاکرات فوری شروع کرنے پر زور دیا۔ آئزنکوٹ کی جماعت یشار نے کہا حکومت سازی کے تمام ممکنہ راستوں پر غور کیا جائے گا۔نیتن یاہو کا کہنا تھا ’’میری قیادت میں لیکود ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور آئزنکوٹ کی جماعت کے مقابلے میں اسے ڈھائی لاکھ ووٹوں کی نمایاں برتری حاصل ہے۔ فطری طور پر مخلوط حکومت کی قیادت مجھے کرنی چاہیے یا کم از کم باری باری وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے معاہدے میں میری باری پہلے آنی چاہیے۔27 اکتوبر کے انتخابات کے بعد حکومت بنانے کے لیے آئزنکوٹ کے پاس 28 دن ہیں۔ انھوں نے اس پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہوئے فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لیکود واقعی حقیقی اتحاد کے لیے تیار ہے تو میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اس کی سنجیدگی جانچنے کے لیے تیار ہوں۔