یورپ دنیا کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم قرار، 15 کروڑ آبادی خطرے میں

Wait 5 sec.

جنیوا : یورپ کو دنیا کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم قرار دے دیا گیا ، جس سے پندرہ کروڑ افراد متاثر ہیں۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے انتہائی تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے یورپ کو زمین کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم قرار دے دیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ یورپ میں درجہ حرارت عالمی اوسط کے مقابلے میں دگنی رفتار سے بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے خطے میں بسنے والے لاکھوں انسانوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔عالمی ادارۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہروں کے باعث اس وقت تقریباً 15 کروڑ افراد براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ماہرینِ صحت اور ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ اگر کاربن گیسوں کے اخراج اور گلوبل وارمنگ پر قابو نہ پایا گیا تو آنے والے سالوں میں ہلاکتوں اور بیماریوں کی شرح میں ہولناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔دوسری جانب، یورپ میں گرمی کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹنے کے بعد اب ریاست ہائے متحدہ امریکا میں بھی شدید ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر سخت الرٹ اور وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ "امریکا کی وسطی اور مشرقی ریاستوں میں رواں ہفتے درجہ حرارت 30 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی ہے، جس کے ساتھ حبس کی شدت بھی زیادہ ہوگی۔”امریکی و یورپی حکام نے شہریوں، بالخصوص بزرگوں، بچوں اور دل کے مریضوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، پانی کا استعمال بڑھانے اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں براعظموں میں بیک وقت شدید گرمی کی یہ لہر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ زمین کا درجہ حرارت اب انسانی کنٹرول سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔