غزہ(30 جون 2026): غزہ اور مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے بے گھر اور نہتے فلسطینیوں کا قتل عام مسلسل جاری ہے، کارروائیوں میں بچوں اور خواتین سمیت کئی فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فورسز نے غزہ کے علاقے المواسی میں قائم پناہ گزینوں کے خیموں کو نشانہ بنایا، جہاں سوئے ہوئے بے گھر افراد پر وحشیانہ بمباری کی گئی۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک سال کے شیر خوار بچے اور 23 سالہ ماں سمیت 6 فلسطینی شہید اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔اس کے علاوہ دیرالبلاح میں بھی اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت برقرار ہے۔ راملہ میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے ایک 15 سالہ لڑکے کو شہید کر دیا۔اسی طرح مغربی کنارے ہی کے شہر البیرہ کے علاقے ام الشریط میں اسرائیلی فوج نے ایک چھاپے کے دوران 15 سالہ امیر احمد جواد جابر کو نشانہ بنایا اور اس کے سر اور سینے میں گولیاں مار کر اسے موقع پر ہی شہید کر دیا۔اس سنگین صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بار پھر عالمی برادری کو جھنجھوڑا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تمام تر کشیدگی کی اصل وجہ مسئلہ فلسطین ہے۔صدر اردوان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک اسرائیل کی جانب سے فلسطینی زمینوں پر ناجائز قبضے کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا، تب تک خطے میں امن کا قیام کسی صورت ممکن نہیں ہو سکتا۔