مکہ مکرمہ (30 جون 2026): مسجد الحرام میں بیت اللہ (خانہ کعبہ) کو غسل دینے کی روح پرور سالانہ تقریب منعقد ہوئی۔عرب میڈیا کے مطابق آج بعد نماز فجر مسجد الحرام میں غسل کعبہ کی روح پرور سالانہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں خادم الحرمین شریفین کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل نے شرکت کی۔غسل کعبہ کی تقریب میں غیر ملکی سفارت کار، او آئی سی اراکین، علماء مشائخ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔غسل کعبہ کے موقع پر بیت اللہ شریف کے اندرونی حصے کو آب زم زم، عرق گلاب اور خالص عود سے معطر پانی سے غسل دیا گیا جس کے بعد اسے اعلیٰ ترین خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔غسلِ کعبہ کی بابرکت تقریب کی تکمیل کے بعد خانۂ کعبہ کا دروازہ بند کر دیا گیا۔تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اس دوران زائرین کی محدود تعداد طواف میں مصروف رہی۔اس کے علاوہ کسوہ کی حفاظت کے پیش نظر غسل کے عمل کے دوران کعبہ کے دروازے کے پردے کو اٹھا دیا گیا تھا تاکہ کعبہ کے اندر باآسانی رسائی حاصل کی جاسکے۔واضح رہے کہ یہ بابرکت روایت عہدِ نبوی ﷺ سے جاری ہے اور ہر سال 15 محرم الحرام کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی جاتی ہے۔غسل کعبہ کی یہ مقدس تقریب اسلامی تاریخ، عقیدت اور روحانیت کا ایک منفرد مظہر سمجھی جاتی ہے۔ یہ امتِ مسلمہ کے لیے محبت، احترام اور بیت اللہ سے والہانہ وابستگی کی علامت ہے۔