انٹورپ : بیلجیم کے شہر انٹورپ میں 10 منزلہ رہائشی عمارت میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔پولیس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو اداروں، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس سروسز نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، زخمیوں کی حتمی تعداد اور وجہ کا تعین ابھی نہیں ہوسکا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ نے عمارت کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث متعدد رہائشی اندر پھنس گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے کئی افراد کو عمارت کی بالائی منزلوں سے رسیوں اور فائر بریگیڈ کی سیڑھیوں کے ذریعے بحفاظت باہر نکالا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پانچویں منزل پر رہائش پذیر 80 سالہ جیکلین ہیرین نے بتایا کہ دروازہ کھولتے ہی انہیں دھوئیں اور شعلوں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے فوری طور پر عمارت سے نکلنے کی کوشش کی اور خوش قسمتی سے اپنی جان بچانے میں کامیاب رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پالتو کتے کو بھی باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئیں، تاہم ان کے دو پڑوسیوں سے رابطہ نہ ہوسکا۔دسویں منزل کے رہائشی گیرٹ ڈیوولف نے مقامی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ خود نیچے اترنے میں ناکام رہے، جس پر انہوں نے اپنے اپارٹمنٹ میں خود کو محفوظ کر لیا اور بالکونی میں امداد کا انتظار کیا۔ چند منٹ بعد فائر فائٹرز نے انہیں فائر بریگیڈ کی سیڑھی کے ذریعے ریسکیو کرلیا۔حکام نے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی کہ وہ دھوئیں کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران بیلجیم میں آتشزدگی کے متعدد بڑے واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں دارالحکومت برسلز کے ایک گودام میں لگنے والی آگ بھی شامل ہے۔