کراکس(یکم جولائی 2026): وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں اموات کی تعداد 1943 تک جا پہنچی ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد افراد زخمی اور 68 ہزار افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔حکام کے مطابق اس شدید زلزلے کے باعث 15 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور 774 عمارتیں مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کی بڑی تعداد کے پیشِ نظر اموات کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے 1 لاکھ کے درمیان تک پہنچ سکتی ہے۔تاہم امدادی کارروائیوں کے دوران زلزلے کے 106 گھنٹے بعد ایک شخص کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے جسے ایک معجزہ قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب، امریکی خلائی تحقیقی ادارے ‘ناسا’ کے سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق، زلزلے سے مجموعی طور پر 58 ہزار سے زیادہ عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تقریباً 18 لاکھ افراد کو فوری طور پر انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔