نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اجے ماکن نے دہلی میں فضائی آلودگی کے مسئلے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس مرتبہ کم بارش اور تیز ہواؤں جیسے موسمی عوامل نے آلودگی کی صورتحال کو متاثر کیا، لیکن ان اثرات کو الگ کرکے دیکھا جائے تو شہر کی حقیقی آلودگی گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے، جو حکومتی پالیسیوں کی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہے۔اجے ماکن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغام اور تحریری بیان میں کہا کہ 28 جون صبح 10 بجے سے 29 جون صبح 10 بجے تک کے اعداد و شمار کا تجزیہ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے فضائی معیار کے اشاریے (اے کیو آئی) کی بنیاد پر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 5.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس بار بارش صفر ملی میٹر رہی۔ بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی کے ذرات دھل نہیں سکے، جس سے آلودگی میں اضافہ ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہوا کی رفتار بھی گزشتہ سال کے 5.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کے مقابلے میں بڑھ کر 8.9 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گئی، جس کے باعث سڑکوں اور تعمیراتی مقامات سے گرد و غبار زیادہ مقدار میں فضا میں پھیل گیا اور پی ایم 10 کی سطح میں اضافہ ہوا۔اجے ماکن کے مطابق موسمی عوامل کا اثر الگ کرنے پر پی ایم 10 کی سطح گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ فضائی معیار کا اشاریہ بھی 12 پوائنٹس زیادہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حقیقی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے اور اس کا سبب صرف موسم نہیں بلکہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اختیار کی گئی پالیسیوں کی ناکامی بھی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ فضائی صورتحال دمے اور دل کے مریضوں، بچوں اور بزرگوں کے لیے صحت کے خطرات پیدا کر سکتی ہے۔اجے ماکن نے حکومت سے تین مطالبات بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں اور سڑکوں کی دھول جیسے پی ایم 10 کے بڑے ذرائع کے خلاف فوری سخت کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ این ایس آئی ٹی دوارکا، جہاں فضائی معیار سب سے زیادہ خراب بتایا گیا، وہاں مقامی آلودگی کے ذرائع پر فوری قابو پایا جائے اور صحت سے متعلق انتباہ جاری کیا جائے۔ انہوں نے کمیشن برائے فضائی معیار کے انتظام (سی اے کیو ایم) اور دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) کی جوابدہی طے کرنے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔اجے ماکن نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ ’سانس لینا بنیادی حق ہے، سہولت نہیں‘ اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہلی کے شہریوں کو صاف ہوا فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔