لندن : عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 71 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگئی، قیمتوں میں اب تک 38 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق امن معاہدے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں غیر معمولی پیشرفت کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں امریکا اور ایران کے درمیان جنگی حالات پیدا ہونے سے پہلے کی سطح پر آگئیں۔بین الاقوامی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کی تازہ کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد خام تیل کی قیمت 71 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگئی ہے۔واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں 126 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھو گئی تھیں، تاہم سفارتی کوششوں کی کامیابی کے بعد قیمتوں میں اب تک 38 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔قطری حکام نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں مثبت اور بڑی پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔عالمی میڈیا نیٹ ورک ‘الجزیرہ’ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کے ساتھ جاری ان مذاکرات کو انتہائی مثبت قرار دیا ہے، جس سے مستقل امن معاہدے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔سفارتی کوششوں اور کشیدگی میں کمی کے باعث خلیجی ممالک سے دنیا بھر کو خام تیل کی سپلائی کا نظام تیزی سے بہتر ہوا ہے، جس نے مارکیٹ سے سپلائی کے تعطل کا خوف ختم کر دیا ہے۔عالمی تجارت کی سب سے اہم کڑی یعنی آبنائے ہرمز سے تجارتی اور مال بردار جہازوں کی آمد و رفت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے باعث عالمی انرجی مارکیٹ پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔