تھائی لینڈ میں نو عمر لڑکے کی ایک غلطی سے 8 بدھ راہب ہلاک

Wait 5 sec.

بینکاک(2 جولائی 2026): تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے موکداہان میں ایک افسوسناک اور لرزہ خیز حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 11 سالہ لڑکے نے اپنے والدین کا تیز رفتار ٹرک بدھ مت کے مذہبی جلوس پر چڑھا دیا، جس کے نتیجے میں 8 بدھ راہب ہلاک اور 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔تھائی پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 35 بدھ راہبوں اور 5 عقیدت مندوں پر مشتمل ایک گروپ مذہبی سفر کے سلسلے میں سڑک کے کنارے پیدل جا رہے تھے۔اسی دوران تیز رفتار ٹرک نے بے قابو ہو کر راہبوں کو کچل دیا۔ واقعے کے نتیجے میں 5 راہب موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 3 نے اسپتال میں دم توڑا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔موکداہان صوبے کے پولیس چیف میجر جنرل پائروج تھائی پھٹسا نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرک چلانے والا ملزم ایک کم عمر بچہ ہے جس نے اپنے والدین کی اجازت کے بغیر پک اپ ٹرک نکالا اور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا۔پولیس نے بچے کو حراست میں لے لیا ہے اور ٹرک کو فرانزک معائنہ کے لیے قبضے میں لے کر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچے کے والدین کو بھی تھانے طلب کیا گیا ہے تاکہ قانونی ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔