دبئی : عالمی مارکیٹ میں مندی کے باعث دبئی میں سونے کی قیمتیں جون کے آغاز کے بعد کم ترین سطح پر آگئیں۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات خصوصاً دبئی میں زیورات کے خریداروں کے لیے سونا سستے داموں خریدنے کا بہترین موقع سامنے آیا۔بدھ کے روز مارکیٹ کھلتے ہی سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھی گئی ہے، جس کے بعد مقامی قیمتیں جون کے اوائل کے بعد اب تک کی کم ترین سطح پر آگئی۔ڈیٹا کے مطابق، یہ مسلسل تیسرا دن ہے جب سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی، 24 قیراط سونا کے ریٹ 485.25 درہم کے مقابلے میں کم ہو کر 481.50 درہم فی گرام پر آگیا ، ایک ہی دن میں 3.75 درہم کی کمی ہوئی۔22 قیراط سونا گزشتہ روز کے ریٹ 449.25 درہم کے مقابلے میں سستا ہو کر 446 درہم فی گرام پر پہنچ گیا۔اگر موجودہ قیمتوں کا موازنہ 2 جون کی قیمتوں سے کیا جائے تو اب تک 24 قیراط سونے کی قیمت میں 61 درہم فی گرام جبکہ 22 قیراط میں 56.25 درہم فی گرام کی واضح کمی آ چکی ہے۔دبئی میں قیمتوں کا یہ زوال عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے باعث ہوا ہے، جہاں اسپاٹ گولڈ گزشتہ دو سیشنز میں 2 فیصد گرنے کے بعد 3,980 ڈالر فی اونس سے بھی نیچے آگیا ہے، جو نومبر کے بعد کی کم ترین سطح ہے۔تکنیکی ماہرین کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں سونے کا 200 دن کا موونگ ایوریج اس کے 50 دن کے موونگ ایوریج سے نیچے آگیا ہے، جسے تجارتی زبان میں "ڈیتھ کراس” کہا جاتا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مندی کا یہ رجحان مزید کچھ وقت برقرار رہ سکتا ہے۔