تہران: ایرانی حکومت نے منگل چھ جولائی کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، اس تعطیل کا مقصد ایران کے سابق رہنما کے سوگواروں کی دارالحکومت سے واپسی کو آسان بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور تدفین کا باضابطہ شیڈول جاری کرتے ہوئے دارالحکومت تہران میں عام تعطیل اور ملک بھر میں یومِ سوگ کا اعلان کر دیا ۔ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بتایا کہ حکومت نے 6 جولائی کو تہران میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اس تعطیل کا مقصد سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آنے والے لاکھوں سوگواروں کی دارالحکومت سے اپنے آبائی علاقوں کی طرف واپسی کے عمل کو آسان اور منظم بنانا ہے۔حکومتی اعلانات کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور الوداعی تقاریب کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہے گا، 4 جولائی سے 8 جولائی کے درمیان ایران کے تین اہم شہروں تہران، قم اور مشہد میں مختلف تعزیتی اور الوداعی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔جمعرات کے روز پورے ایران میں سرکاری طور پر ‘یومِ سوگ’ منایا جائے گا جبکہ سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی تدفین جمعرات 8 جولائی کو مقدس شہر مشہد میں کی جائے گی۔ایرانی ترجمان کے مطابق سپریم لیڈر کے انتقال پر نہ صرف ایران بلکہ پڑوسی ملک عراق میں بھی بڑے پیمانے پر تعزیتی اجتماعات ہوں گے۔عراق کے اہم ترین شہروں بشمول بغداد، کاظمین، کربلا اور نجف اشرف میں بھی ان کی یاد میں خصوصی تعزیتی تقریبات اور مجالس کا اہتمام کیا جائے گا جہاں عقیدت مند ان کی علمی و سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔